مشرف فرارکیس: اسلام آبادہائیکورٹ نے آئی جی بنیامین کیخلاف کارروائی کی رپورٹ طلب کرلی

مشرف فرارکیس: اسلام آبادہائیکورٹ نے آئی جی بنیامین کیخلاف کارروائی کی رپورٹ ...
مشرف فرارکیس: اسلام آبادہائیکورٹ نے آئی جی بنیامین کیخلاف کارروائی کی رپورٹ طلب کرلی

  

اسلام آ باد(مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آبادہائیکورٹ نے مشرف فرار کیس میں آئی جی اسلام آباد بنیامین کے خلاف کارروائی سے متعلق سیکریٹری داخلہ سے اب تک ہونیوالے اقدامات کی رپورٹ طلب کرلی ۔جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے عدالتی احکامات کے باوجود احاطہ عدالت سے سابق باوردی صدر پرویز مشرف کے فرار ہونے پر وفاقی پولیس کے آئی جی کے خلاف کیس کی سماعت کی ۔ دوران سماعت فاضل عدالت نے استفسار کیا کہ بتایا جائے کہ عدالتی حکم کے بعد وزارت داخلہ نے وزارت قانون سے رائے کیوں طلب کی ؟ عدالت کے جس حکم کو التوا میں ڈالنا ہو اس پر قانونی رائے مانگ لی جاتی ہے اور جس پر عمل کرنا ہو تو فوری کارروائی کی جاتی ہے، ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ بتائیں کہ قانونی رائے کی کیوں ضرورت ہے؟جوائنٹ سیکریٹری خوشدل خان نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم پر پچھلی تاریخ میں دستخط نہ کرنے پر ان سے جوائنٹ سیکریٹری کے اختیارات واپس لے لیے گئے اور ان کو ڈی جی نیکٹا لگا دیا گیا ہے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل طارق جہانگیری نے عدالت کو بتایا کہ خوشدل خان جوائنٹ سیکرٹری معاملے کوسکینڈلائز کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس پر جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ ڈی جی نیکٹا خوشدل خان چاہیں تو جوائنٹ سیکریٹری داخلہ کی ذ مہ داریاں واپس لینے کے خلاف درخواست دائر کر سکتے ہیں۔ عدالت نے سیکریٹری داخلہ سے آئی جی اسلام آباد کے خلاف کارروائی کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ کو خود پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت کل(منگل) تک ملتوی کردی ۔

مزید : اسلام آباد /اہم خبریں