سمر کرکٹ کیمپ میں سب سے زیادہ زور فٹنس پر ہوگا، پی سی بی

سمر کرکٹ کیمپ میں سب سے زیادہ زور فٹنس پر ہوگا، پی سی بی

کراچی( آن لائن) ایشیا کپ اور آئی سی سی چیمپینز ٹرافی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی خراب کارکردگی میں سب سے اہم نکتہ یہ سامنے آیا تھا کہ پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں کا فٹنس لیول انٹر نیشنل معیار کا نہیں ہے۔ چھ مئی سے لاہور میں شروع ہونے والے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سمر کیمپ میں قومی اکیڈمی کے ٹرینر اور فزیو پاکستانی کرکٹرز کو فٹنس لیول چیک کرکے ایک رپورٹ تیار کریں گے اور جن کھلاڑیوں کی فٹنس انٹر نیشنل معیار کی نہیں ہے ان کے لئے ایک تفصیلی فٹنس پلان تیار کیا جائے گا اور انہیں ایک ماہ میں اپنی فٹنس کو بہتر بنانے کا ٹاسک دیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق دونوں ٹورنامنٹس کے بعد ٹیم انتظامیہ نے پی سی بی کو جو رپورٹ دی ہے اس کے مطابق کئی جونیئر کھلاڑیوں کا فٹنس لیول تشویش ناک حد تک خراب تھا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کی موجودہ ٹیم میں جن کھلاڑیوں کو فٹنس لیول انٹرنیشنل معیار کا ہے ان میں مصباح الحق،شاہد آفریدی، محمد حفیظ، شعیب ملک، عمر اکمل اور احمد شہزاد نمایاں ہیں۔ جبکہ دیگر کھلاڑی شرجیل خان، صہیب مقصود، سعید اجمل، عمر گل سمیت کئی کھلاڑیوں کو فٹنس کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔ آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پندرہ رکنی ٹیم کے پانچ کھلاڑی مکمل فٹ نہ ہونے کے باوجود ٹیم کا حصہ تھے۔ غیر ملکی ٹرینر اور فیلڈنگ کوچ میں ہم آہنگی کا فقدان تھا۔

 کئی کھلاڑی گرم موسم میں بیٹنگ بولنگ سیشن اور فٹ بال کھیلنے کے بعد فیلڈنگ سیشن میں آنے سے ہچکچاتے تھے۔ ذرائع کے مطابق سمر کیمپ میں کھلاڑیوں کا فٹنس لیول چیک کیا جائے گا۔ پاکستانی اکیڈمی کے ٹرینر اور فزیو تھراپسٹ ہر کھلاڑی کا بلیپ ٹیسٹ لیں گے۔ دنیا کے تمام کھیلوں میں اس ملٹی اسٹیج فٹنس ٹیسٹ کے ذریعے کھلاڑیوں کا فٹنس لیول واضح ہو جائے گا۔ پی سی بی کے پاس کھلاڑیوں کا فٹنس ریکارڈ پہلے ہی موجود ہے۔ اس ٹیسٹ کی بنیاد پر کھلاڑیوں کی فٹنس کی بہتری پر کام کیا جائے گا۔ سمر کیمپ کے پہلے پندرہ دن فٹنس اور فیلڈنگ کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹرز کی فٹنس کو بہتر بنانے کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ غیر ملکی فزیو اور ٹرینر کی خدمات حاصل کررہا ہے۔ تاہم کھلا ڑیوں کو واضح پیغام دیا جارہا ہے کہ وہ ٹیم میں جگہ بنانے کے لئے اپنی ٹریننگ پر خاص توجہ دیں۔

٭٭٭٭٭

مزید : کھیل اور کھلاڑی