آئی سی سی کی چیئرمین شپ غیر جانبدار شخص کو سونپی جائے، احسان مانی
دبئی (آئی این پی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سابق صدر احسان مانی نے کہا ہے کہ کرکٹ کی گورننگ باڈی کی چیئرمین شپ کسی غیر جانبدار شخص کو سونپی جائے۔ ایک انٹرویو میں احسان مانی نے کہا کہ آئی سی سی کا صدر کوئی ایسا شخص ہونا چاہیے جو کسی بورڈ کے ساتھ منسلک نہ ہو لیکن وہ کرکٹ اور کرکٹ کے امور کو بہتر انداز میں سمجھتا ہو۔ اس سلسلے میں آسٹریلیا کے سابق وزیر اعظم جان ہارورڈ اور برطانیہ کے وزیراعظم جان میجر یا ان جیسے رتبے کا شخص ہوسکتا ہے جو غیر جانبدار ہو اور ان کی شخصیت غیر متنازع ہو۔ جان میجر سرے کاﺅنٹی کلب سے وابستہ رہے ہیں۔ واضح رہے کہ احسان مانی کے دور میں2003 سے 2006 کے دوران سری لنکا کرکٹ بورڈ کے صدر سوماتھی پالاکو کرمنل الزامات کا سامنا تھا۔ اس وقت انہیں آئی سی سی میٹنگز سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔