ریاض حسین پیرزادہ سے عامر اطلس اور دانش اطلس کی ملاقات
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ سے سکواش کے نامور کھلاڑی عامر اطلس‘دانش اطلس اور ان کے کوچ جمشید گل نے پیر کو ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں کھلاڑیوں اور کوچ نے وفاقی وزیر کو سکواش کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ بین الصوبائی رابطہ تمام صورتحال سے بخوبی آگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سپورٹس کے فروغ اور بہتری کیلئے تمام تر دستیاب وسائل کیلئے پرعزم ہے۔ وفاقی وزیر نے 15 سال بعد ایشین سینئر سکواش چیمپئن شپ میں کامیابی پر عامر اطلس کی کاوشوں کو سراہا اور ایشین جونیئر سکواش کا ٹائٹل 2 مرتبہ جیتنے پر دانش اطلس کی بھی تعریف کی اور ان کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ وفاقی وزیر نے دانش اطلس کو یقین دہانی کرائی کہ انہیں پی آئی اے یا کسی اور ڈیپارٹمنٹ میں نوکری دی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے انہیں یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ ان کی وزیراعظم اور صدر مملکت سے ملاقات کرائیں گے۔ دریں اثناءوفاقی وزیر نے قومی سکواش کے کوچ جمشید گل کی کاوشوں کو بھی سراہا کیونکہ قومی کھلاڑیوں کی جیت میں ان کا کردار اہم تھا۔ قومی کھلاڑیوں اور ان کے کوچ نے کہا کہ وفاقی وزیر کی سربراہی میں کھیلوں کے معیار میں بہتری آئی ہے اور وہ پرامید ہیں کہ ملک میں کھیل بہت جلد دوبارہ پاکستان میں آئے گا۔