بلائنڈ ٹی 20 ، پشاور اور اسلام آباد نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی

بلائنڈ ٹی 20 ، پشاور اور اسلام آباد نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی

اسلام آباد (اے پی پی) بہاولپور، کشمیر، پشاور اور اسلام آباد نے نیشنل بینک ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ پیر کو شالیمار کرکٹ گراﺅنڈ اسلام آباد میں کھیلے گئے میچ میں بہاولپور نے کراچی کو 190 رنز سے ہرا دیا۔ بہاولپور کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 376 رنز بنائے ۔ جواب میں کراچی کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنا سکی۔ ایبٹ آباد میں کھیلے گئے گروپ بی کے میچ میں پشاور نے گوجرانوالہ کو پانچ رنز سے مات دی۔ پشاور کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز اسکور کئے۔ ہارون اور مسعودجان 50، 50 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ گوجرانوالہ کی طرف سے محمد اکرم نے 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ جواب میں گوجرانوالہ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنا سکی۔ اسرار الحسن 79 اور محمد اکرم نے 73 رنز اسکور کئے۔ ایبٹ آباد میں کھیلے گئے گروپ بی کے دوسرے میچ میں کشمیر نے اوکاڑہ کو 3 وکٹوں سے شکست دی۔ اوکاڑہ کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 235 رنز بنائے۔ فصیح اﷲ 96 اور بہادر منیر نے 52 رنز اسکور کئے۔ جواب میں کشمیر نے مطلوبہ ہدف سات وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ جمیل 85 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ جمیل میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ اسی طرح پی اے ایف کرکٹ گراﺅنڈ اسلام آباد میں کھیلے گئے گروپ ون کے دوسرے میچ میں پی بی سی سی ینگ اسٹار کی ٹیم نے ملتان کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا۔ ملتان کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز اسکور کئے۔ جواب میں پی بی سی سی ینگ اسٹار نے مطلوبہ ہدف 12 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ اشرف بھٹی نے 87 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اسی طرح اسلام آباد کی ٹیم نے پہلے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی