پی سی بی کی نئی سلیکشن کمیٹی کا پہلا اجلاس آج کراچی میں ہو گا
لاہور / کراچی(آن لائن ) پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کا پہلا اجلاس آج منگل کی صبح کراچی میں طلب کیا گیا ہے جس میں سلیکٹرز30سے 35 کھلاڑی منتخب کریں گے۔ نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے اس ابتدائی اجلاس کی صدارت سلیکشن کمیٹی کے سربراہ معین خان کریں گے جبکہ دیگر ارکان محمد اکرم، اعجاز احمد، سلیم یوسف، شعیب محمد اور وجاہت اللہ واسطی بھی موجود ہونگے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے تمام سلیکٹرز کو فون کے ذریعے کہا گیا ہے کہ ان کی کراچی کیلیے ہوائی جہاز کی ٹکٹیں 29 اپریل کو بک کروائی گئی ہیں، وہ شہر قائد پہنچ کر معین خان کی سربراہی میں کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی میں شریک ہوں اور6 مئی سے 6جون تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں شیڈول کنڈیشننگ کیمپ کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب کریں۔مزید معلوم ہوا ہے کہ نئی سلیکشن کمیٹی کا چونکہ یہ پہلا باضابطہ اجلاس ہے، اس لیے میٹنگ سے قبل چیف سلیکٹر ابتدائی کلمات کے بعد تمام ارکان سے ان کا نکتہ نظر جاننے کی کوشش کریں گے، اس موقع پر معین خان شرکاکوچیئرمین بورڈ نجم سیٹھی کا ایک پیغام بھی بتائیں گے جس کے مطابق ارکان سے کہا جائیگا کہ ان کے کام میں کسی بھی طرح کی مداخلت نہیں کی جائے گی اس لیے وہ کسی کی بھی سفارش کی پرواہ کیے بغیر صرف اور صرف میرٹ پر کھلاڑیوں کے انتخاب کو یقینی بنائیں۔