ایف بی آر تحریری ثبوت کے بغیر ایکشن نہ لے: رعنا سیرت

ایف بی آر تحریری ثبوت کے بغیر ایکشن نہ لے: رعنا سیرت

   اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) کرپشن کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں اور انکم ٹیکس کے محکموں سے کرپشن کو ختم کرنے کے لئے ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں ان خیالات کااظہار لارج ٹیکس پیئر یونٹ (ایل ٹی یو ) کی چیف کمشنر رعنا سیرت نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر ان لینڈ ریونیو انفورسمنٹ عائشہ خالد اور کمشنران لینڈ ریونیو آڈٹ نادر ممتاز واڑئچ بھی چیف کمشنر کے ہمراہ تھے۔رعنا سیرت نے کہا کہ جو بھی افسران کرپشن میں ملوث پائے گے ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گالہذا ایسے افسران کے بارے میں ان کے نوٹس میں لایا جائے تاکہ وہ ان کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کر سکیں کیونکہ لوگ ایسے حالات میں ٹیکس نہیں دینا چاہتے لہذا ٹیکس نظام میں بہتری اور تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہا کہ ایل ٹی یو ٹیکس سے متعلقہ معلومات فراہم کر کے ایف بی آر کو ٹیکس بڑھانے میں مدد فراہم کر رہا ہے انہوںنے کہا کہ پالیسی سازی کے فیصلے ایف بی آر کی سطح پرہوتے ہیں جبکہ ایل ٹی یو ٹیکس دہندگان کو سہولیات اور ان کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کرنے کے لئے اقدامات کر رہا ہے ۔رعنا سیر ت نے کہا کہ تحریری ثبوت کے بغیر محکمہ ایکشن نہیں لے سکتا ہے البتہ اگر کسی کے پاس ٹھوس ثبوت موجود ہیں تو ان کے نوٹس میں لائے تاکہ ایکشن لیا جا سکے۔

چیف کمشنر نے کہا کہ اسلام آباد چیمبرنے ٹیکس بڑھانے کے لئے ہمیشہ سے اہم کردار ادا کررہا ہے اور اس حوالے سے چیمبر کے ساتھ مذید تعاون کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے انہوںنے کہا کہ چیمبر کی فیڈ بیک کو ایف بی آر میں بھیجا جائے گا تاکہ مسائل کو بہتر حل نکالا جا سکے۔انہوںنے مذید کہا کہ ایل ٹی یو میں بہت کم کیسسز ہیں تاہم افسران تفصیل کے ساتھ کیسسز کی جانچ پڑتا ل کر رہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ ایل ٹی یو اپنے دیئے گئے ہدف کو پورا کرے گا اور بتایا کہ اپیل کے کیسسز کا جلد فیصلہ کرنے کے لئے کوشش کی جائے گی۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شعبان خالد نے کہا کہ ٹیکس کلچرتبدیل ہونا شروع ہو گیا ہے لیکن ایف بی آر نے مشکل ہدف مقرر کر ر کھا ہے ۔

مزید : کامرس