تھری اور فور جی سپیکٹرم کی نیلامی سے ملکی معیشت پر انتہائی خوشگوار اثرات مرتب ہونگے :ماہرین

تھری اور فور جی سپیکٹرم کی نیلامی سے ملکی معیشت پر انتہائی خوشگوار اثرات ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                    اسلام آباد (اے پی پی) تھری اور فور جی سپیکٹرم کی نیلامی سے ملکی معیشت پر انتہائی خوشگوار اثرات مرتب ہونگے اور ملکی معیشت کے حجم میں 2 ارب ڈالر سے زائد کا اضافہ متوقع ہے۔ اقتصادی و ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبوں کے ماہرین کا کہنا ہے کہ نئی ٹیکنالوجی سے وائرلیس ڈیٹا بیس انڈسٹری کے کاروبار میں ہونے والے فروغ کے نتیجہ میں ملک کی صنعتوں کی کارکردگی بھی بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ موبائل فونز پر تیز ترین انٹرنیٹ سروسز کی سہولیات کی دستیابی سے تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہو گا۔ آن لائن شاپنگ سٹور سے وابستہ ادارے کے سربراہ احمد خان نے کہا کہ تھری اور فور جی ٹیکنالوجی کے پاکستان میں متعارف ہونے سے ان کے کاروبار میں دو تا تین گنا اضافہ متوقع ہے اور نئی ٹیکنالوجی کے استعمال کے فروغ سے ملک میں ای کاروبار کا شعبہ نمایاں ترقی کرے گا۔ پاکستان سافٹ ویئر ہاﺅسز ایوی ایشن (پاشا) کے سابق چیئرمین نصیر اختر نے کہا ہے کہ تھری اور فور جی ٹیکنالوجی سے ملک کی معیشت پر بڑے اچھے اثرات مرتب ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ تیز ترین ڈیٹا کی سہولیات تک رسائی سے کاروبار میں آسانی اور بنیادی مسائل کا خود بخود خاتمہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکنالوجی کے آغاز میں سستی کی گئی ہے جبکہ افریقہ میں یہ ٹیکنالوجی گزشتہ دس سال جبکہ افغانستان میں پچھلے اڑھائی سال سے دستیاب ہے۔ اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ نئی ٹیکنالوجی کے استعمال سے ملک میں تجارتی و صنعتی سرگرمیوں میں ہونے والے اضافہ کے نتیجہ میں ملکی معیشت کی ترقی کے ساتھ ساتھ روزگار کے لاکھوں نئے مواقع بھی پیدا ہونگے جس سے بیروزگاری کے خاتمہ میں بھی مدد ملے گی جبکہ اس سے اقتصادی ترقی کے اہداف کے حصول کو بھی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

مزید :

کامرس -