غیر ملکی کمپنیوں کے منافع کی منتقلی میں 29 فیصد اضافہ ہوا:سٹیٹ بینک

غیر ملکی کمپنیوں کے منافع کی منتقلی میں 29 فیصد اضافہ ہوا:سٹیٹ بینک

                               اسلام آباد (اے پی پی) رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے اپنے ممالک کو منافع کی منتقلی میں گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں 29 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی نو مہینوں میں پاکستان میں کام کرنے والی غیر ملکی کمپنیوں نے 823.4 ملین ڈالر کی آمدنی اپنے اپنے ممالک کو کی ہے جبکہ گزشتہ مالی سال میں اسی عرصہ کے دوران غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے 637.9 ملین ڈالر کا منافع منتقل کیا گیا تھا۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق مارچ 2014ءکے دوران 91.6 ملین ڈالر منافع اپنے اپنے ممالک بھیجا گیا۔ رپورٹ کے مطابق مالیاتی، تیل و گیس کی تلاش و پیداوار اور توانائی کے شعبہ میں کام کرنے والی غیر ملکی کمپنیوں نے سب سے زیادہ منافع جات منتقل کئے ہیں۔ اقتصادی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے تحفظ اور منافع کی منتقلی کے حوالے سے بہترین سرمایہ کار دوست پالیسیوں کی وجہ سے غیر ملکی کمپنیوں کو منافع جات کی منتقلی کی مکمل آزادی ہے جس سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا مارچ کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں نے 669.8 ملین ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری بھی کی ہے۔

مزید : کامرس