پاک ایران مشترکہ سرحدوں کی سلامتی دونوں ملکوں کیلئے اہم مسئلہ ہے

پاک ایران مشترکہ سرحدوں کی سلامتی دونوں ملکوں کیلئے اہم مسئلہ ہے

 تہران (اے این این )ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے پاکستان اورایران کی مشترکہ سرحدوں کی سلامتی کو دونوں ملکوں کیلئے اہم مسئلہ قرار د یتے ہوئے کہاہے کہ ایران پاکستان میں امن و استحکام کو اپنا امن و استحکام سمجھتا ہے، دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے تمام ملکوں کو سنجیدہ اور ذمہ دارانہ کوششیں کرناہوں گی۔وہ تہران میں پاکستان کے قومی سلامتی اورخارجہ امورکے مشیر سرتاج عزیز سے بات چیت کررہے تھے ۔ایرانی صدرنے دہشت گردی کو نہ صرف خطےکے ممالک بلکہ اقوام عالم کیلئے سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ دہشتگرد وں کا مقابلہ کرنے کیلئے تمام ملکوں کو سنجیدہ اور ذمہ دارانہ کوششیں کرنے کی ضروت ہے ۔ انھوں نے پاکستان اورایران کی مشترکہ سرحدوں کی سلامتی کو دونوں ملکوں کیلئے ایک اہم مسئلہ قرار دیا اور اس سلسلے میں خدشات دور کرنے کیلئے ضروری تدابیر اختیار کئے جانے کی ضرورت پر زوردیا ۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے پاکستان اورایران کے اقتصادی تعلقات کی موجودہ سطح کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے اس سلسلے میں منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس سلسلے میں کافی مواقع موجود ہیں جن سے استفادہ کئے جانے کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نوازشریف کے خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز ایران کے دورے پر گزشتہ شب تہران پہنچے تھے ۔

مزید : علاقائی