وٹو نے کارکنوں کو یقین دلایا کہ بلاول اپریل میں پنجاب کا دورہ کریں گے

وٹو نے کارکنوں کو یقین دلایا کہ بلاول اپریل میں پنجاب کا دورہ کریں گے


لاہور (ناصرہ عتیق سے )پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو نے پارٹی پارکنوں کو یقین دلایا تھا کہ بلاول بھٹو ہرصورت اپریل میں پنجاب کا دورہ کریں گے ۔اُن کا زیادہ تر پڑاؤ لاہور میں ہو گا ۔جس سے جیالوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی ۔اور اُنہوں نے استقبال کی تیاریاں شروع کر دیں ۔دوسری طرف پیپلز پارٹی پنجاب کے سابق صدر راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ مخدوش سکیورٹی حالات کے سبب ابھی وہ نہیں آئیں گے ۔مخالف دھڑے کے مطابق منظور وٹو پارٹی کی بجائے اپنی سیاسی ساکھ کو بچانے کے لئے اُن کے دورے کے بضد تھے ۔اُنہوں نے اپنی آبائی شہر اوکاڑہ سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد کو استقبال کے لئے لاہور لانے کا بندوبست بھی کر رکھا تھا ۔جس سے اُنہوں نے اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنا تھا ۔پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیٹو کمیٹی کے اجلاس میں اکثریت نے موجودہ حالات میں اُن کے دورے کی مخالفت کی تھی کہ بلاول بھٹو کے سخت بیانات کے بعد اُن کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں ۔ حکومت پہلے ہی اس دورے کے حق میں نہیں تھی۔ البتہ منظور وٹو دورے پر مسلسل زور دیتے رہے ۔مخالف دھڑے کا کہنا ہے کہ کارکنوں کی مایوسی کی ذمہ دار پیپلز پارٹی پنجاب کی قیادت ہے ۔جس نے کارکنوں کو مسلسل خوش فہمی میں رکھا۔

مزید : صفحہ اول