موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں ذرا بھی کمی نہیں آسکی

موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں ذرا بھی کمی نہیں آسکی

لاہور(کرائم سیل) سٹی ڈویژن کے سربراہ امتیاز سرور کی تمام تر کوششوں کے باوجود سٹی ڈویژن سے سنگین نوعیت کے جرائم کے ساتھ ساتھ موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ذرا سی بھی کمی نہیں آ سکی ہے۔ اس ڈویژن کے 7تھانوں گوالمنڈی، شاہدرہ، اسلام پورہ، لوئر مال، شاد باغ، راوی روڈ، تھانہ بادامی باغ کی حدود میں ڈکیتی، راہزنی کے ساتھ ساتھ موٹر سائیکل چوری کے واقعات گزشتہ سال کی نسبت زیادہ ریکارڈ کئے گئے ہیں۔ ان تھانوں کی پولیس نے جہاں مقدمات کے اندراج میں لیت و لعل سے کام لیا ہے، وہاں کوئی بڑا گروہ بھی گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے اور ان تھانوں کی پولیس نے محض کارروائی کے طور پر اکا دکا موٹر سائیکل چور پکڑ کر خانہ پری کی ہے، جس کے باعث 979ایسے شہری ہیں، جن کی موٹر سائیکلوں کا تاحال سراغ نہیں لگایا جا سکا ہے۔ اس کے علاوہ پک اپ، شاہ زور ڈالہ اور کیری ڈبہ سمیت 105ایسی گاڑیاں ہیں جو ان تھانوں کی حدود سے چوری ہو چکی ہیں اور پولیس کسی بڑے کار یا موٹر سائیکل چور کو گرفتار نہیں کر سکی ہے۔

مزید : علاقائی