بھائی ڈکیٹ گینگ کے سرغنہ محمود بھائی کراچی والا کو ساتھی سمیت گرفتار کرلیاگیا

بھائی ڈکیٹ گینگ کے سرغنہ محمود بھائی کراچی والا کو ساتھی سمیت گرفتار ...


لاہور(کرا ئم سیل )گرین ٹاؤن پولیس نے بھتہ خوری ، ڈکیتی اورراہزنی کی وارداتوں میں ملوث بھائی ڈکیت گینگ کے سرغنہ محمود بھائی کراچی والاکو اس کے ساتھی سمیت گرفتار کر کے ان سے مختلف وارداتوں میں لوٹے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فونز، طلائی زیورات ،نقدی اور ناجائز اسلحہ برآمد کرلیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز رانا عبدالجبار کی ہدایت پر پولیس کی سپیشل ٹیمیں ڈاکوؤں ، راہزنوں، چوروں اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف دن رات سرگرم عمل ہیں ۔ ایس پی صدر ملک اویس نے ایس ایچ او گرین ٹاؤن محمد شریف سندھو اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل جو پولیس ٹیم تشکیل دی اس نے کراچی سے مفرور خطرناک ڈاکوں اور بھتہ خوروں کے سرغنہ محمود بھائی کراچی والا کو خفیہ اطلاعات کی روشنی میں ریڈ کر کے اس کے ساتھی مسرور عالم سمیت گرفتار لیا ۔ دوران تفتیش ملزموں نے انکشاف کیا کہ وہ کراچی میں بھی بھتہ سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں اشتہاری ہیں۔ ملزموں نے تھانہ گرین ٹاؤن ، ٹاؤن شپ اور ستوکتلہ میں ڈکیتی اور راہزنی کی متعدد وارداتوں کا بھی اعتراف کیاہے ۔ ملزموں کی نشاندہی پر پولیس نے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات، موبائل فونز، نقدی اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا ہے ۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزمان کراچی پولیس کو بھتہ خوری اور ڈکیتیوں سمیت انتہائی سنگین مقدمات میں مطلوب ہیں ۔ڈی آئی جی آپریشنز نے بھتہ خوروں اور خطرناک ڈاکوؤں کی گرفتاری پر ایس ایچ اوگرین ٹاؤن محمد شریف سندھو اور ان کی ٹیم کے لئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔

مزید : علاقائی