شوگر کا علاج ممکن
نیویارک (بیورورپورٹ) کلوننگ کی دریافت انسانی تاریخ کی حیران کن ترین دریافتوں میں ایک ہے۔ اس سائنسی طریقہ میں کسی جانور کے خلیات لے کر ان سے نئے خلیات حتیٰ کہ نئے جاندار بنائے جاسکتے ہیں۔ اب کلوننگ کے کرشمات میں ایک نیا اضافہ ہوا ہے جو کہ ذیابطیس (ٹائپ 1 ) کے مریضوں کیلئے ایک معجزے سے کم نہیں ہوگا۔ امریکی سائنسدانوں نے کلوننگ کے ایک تجربہ میں یہ معلوم کرلیا ہے کہ کس طرح کسی انسان کے موجودہ خلیات سے انسولین پیدا کرنے والے نئے خلیات بنائے جاسکتے ہیں۔ شوگر کے مریضوں میں چونکہ قدرتی طور پر انسولین پیدا کرنے کا عمل متاثر ہوجاتا ہے اس لئے اگر انہیں کلوننگ کے ذریعے انسولین پیدا کرنے والے خلیے مل جائیں تو ان کی زندگی بدل جائے گی۔ اس تجربہ میں ایک 32 سالہ خاتون کی جلد کے خلیات لے کر ان سے کلوننگ کے عمل سے ایسے نئے خلیاقت پیدا کئے گئے کہ جو انسولین پیدا کرسکتے ہیں، سائنسدانوں نے کہا کہ اس طریقہ سے لوگوں کو ان کے قدرتی خلیات جیسے ہی نئے خلیات مل سکیں گے۔