نوازشریف کابھارت کی جانب جھکاؤ ناقابل فہم ہے، شان عباس

نوازشریف کابھارت کی جانب جھکاؤ ناقابل فہم ہے، شان عباس

  

لاہور(پ ر) آل پاکستان مسلم لیگ برطانیہ کیسیکرٹری اطلاعات سیّدشان عباس عابدی نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں نوازشریف کابھارت کی طرف جھکاؤ ناقابل فہم ہے ،کیاان کایہ جھکاؤکسی دباؤ کانتیجہ ہے۔پرویز مشرف نے کشمیر کاز کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے مگر انہیں الجھادیا گیا ورنہ آج کشمیر میں بربریت کابازار گرم نہ ہوتا۔امریکہ کے سابق صدربراک اوباما کے روبرو پرچی دیکھ کر بات کرنیوالے میاں نوازشریف تنہا ہاکستان کی خارجہ پالیسی کارخ اَدھر اُدھر نہیں موڑسکتے۔

پاکستان کوپرویز مشرف کی طرح پراعتماد ،پروقاراورباصلاحیت سیاسی قیادت کی ضرورت ہے۔اوورسیزپاکستانیوں سمیت چاروں صوبو ں کے لوگ آج بھی پرویز مشرف میں اپنانجات دہندہ دیکھتے ہیں ۔اپنے ایک بیان میں سیّدشان عباس عابدی نے مزید کہا کہ جو پیسوں کے معاملے میں صادق اورامین نہیں وہ قومی رازوں کی حفاظت کس طرح کرسکتا ہے ۔پاکستان کی وزرات عظمیٰ ایک حساس اوراہم ترین منصب ہے ،میاں نوازشریف میں اس منصب کے شایان شان صلاحیت نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کابحیثیت صدرکام بولتا ہے ،وہ عہدحاضر کی سیاسی قیادت میں سے سب سے زیادہ باصلاحیت ہیں۔عالمی ایشوزپرکس طرح بات کی جاتی ہے یہ پرویز مشرف سے بہترکوئی نہیں جانتا ۔انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے ساتھ مختلف سیاسی پارٹیوں کے سربراہان رابطے میں ہیں،عنقریب کمزورحکومت کیخلاف ایک طاقتوراپوزیشن اتحاد معرض وجود میں آئے گا۔پرویز مشرف پاکستان میں پرامن سیاسی وآئینی تبدیلی کیلئے جمہوری قوتوں کے درمیان پل کاکرداراداکریں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں نوازشریف اوران کے بھارتی ہم منصب کے درمیان رازونیاز کاکوئی جواز نہیں۔وفاقی حکومت اپنی پوزیشن واضح کرے ۔انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف کے پاس اقتدارضرور ہے مگروہ انتہائی غیرمقبول اورنامعقول سیاستدان ہیں۔مالی بدعنوانیوں سے مختلف سیاسی تنازعات میں میاں نوازشریف کانام لیا جاتا ہے ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -