چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ کا دورہ خاران ، ماتحت عدالتوں کا معائنہ

چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ کا دورہ خاران ، ماتحت عدالتوں کا معائنہ

  

کوئٹہ(اے این این)چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس محمد نور مسکانزئی نے جسٹس نعیم اختر افغان کے ہمراہ سیشن کورٹ خاران کا دورہ کیا اور ماتحت عدالتوں کا معائنہ کیا۔ جوڈیشل آفیسران نے ان سے ملاقات بھی کی جبکہ چیف جسٹس بار روم گئے۔ بارروم میں محمد اسماعیل پیرکزئی ایڈووکیٹ نے وکلاء کی جانب سے انہیں خوش آمدید کہا ۔ چیف جسٹس نے بار کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ بار اور بنچ کے تعاون کے بغیر جلد اور سستے انصاف کی فراہمی ممکن نہیں۔ لوگوں کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے بعدازاں چیف جسٹس نے پبلک لائبریری کا سنگ بنیاد رکھا اور بلوچستان یونیورسٹی کے سب کیمپس خاران میں کلاسوں کے آغاز کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک مبارک دن ہے نوجوانوں کو اپنی تعلیم گھر کے قریب حاصل کرنے کا بھرپور موقع میسر آئے گا۔قبل ازیں بلوچستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اقبال ، کمشنر قلات ڈویژن ہاشم غلزئی، اسماعیل پیرک زئی ایڈووکیٹ نے بھی تقریب سے خطاب کیا ۔ انہوں نے چیف جسٹس کی خدمات اور کاوشوں کا خصوصی ذکر کیا ۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے طلباء اور طالبات میں انعامات بھی تقسیم کئے۔ چیف جسٹس نے ایف سی سکول کا بھی دورہ کیا۔

جسٹس محمد نور مسکانزئی

مزید :

علاقائی -