نامکمل قواعد پر کسی صورت شناختی کارڈ جاری نہیں ہونگے: چودھری نثار

نامکمل قواعد پر کسی صورت شناختی کارڈ جاری نہیں ہونگے: چودھری نثار

  

کراچی (این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ملک بھر کے تمام اضلاع میں نادرا کی جانب سے مزید میگا سینٹرز قائم کیے جائیں گے تاکہ عوام کو ون ونڈو آپریشن کے ذریعہ باآسانی قومی شناختی کارڈ کا اجرا کیا جا سکے، جن افراد کے قواعد مکمل نہیں ہونگے ، نادرا کسی صورت میں انکے شناختی کارڈ جاری نہیں کرے گی، اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا ، قومی شناختی کارڈ پاکستان کی شناخت کی علامت ہے اوراسکے اجراء کے نظام کو مزید مربوط بنایا جائے گا اور نادرا کے سسٹم کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کیا جائیگا ۔ جمعہ کو نارتھ ناظم آباد میں نادرا میگا سینٹر کے افتتاح کے موقع پر مختصر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے سینٹر کی تعمیر پر نادرا حکام کی تعریف کی اور کہا نادرا میگا سینٹر کراچی کے علاوہ ملک کے تمام اضلاع میں قائم کیے جائیں گے تاکہ باآسانی شہریوں کو قانون کے مطابق شناختی کارڈ کا اجرا کیا جا سکے ۔ اس موقع پر نادرا حکام نے بتایا میگا سینٹر میں 28کانٹر بنائے گئے ہیں ، جس میں شناختی کارڈ جمع کرنے کیلئے دو ، تقسیم کرنے کیلئے تین ، معلومات کیلئے چار اور خصوصی افراد اور بزرگوں کیلئے تین کانٹر شامل ہیں، میگا سینٹر میں بیک وقت دو ہزار افراد کے شناختی کارڈ کو پروسیس کرنے کی سہولت موجود ہے اور یہ سینٹر24گھنٹے کام کرے گا ۔ قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ دو روزہ دورے پر جمعہ کو کراچی پہنچیتو آئی جی سندھ اور رینجرز کے اعلی حکام نے انکا استقبال کیا ۔ وزیر داخلہ اپنے دورے میں رینجرز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کے علاوہ رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں امن و امان کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت میں بھی کریں گے ۔گلگت بلتستان آنے والے غیر ملکی سیاحوں کو پیشگی اجازت نامہ لازمی قرار دینے پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری سے رابطہ کر کے گلگت بلتستان آنے والے غیر ملکی سیاحوں کو درپیش مسائل حل کرنے پر بات کی جسکے تحت غیر ملکی اداروں اور سرمایہ کاروں کے علاوہ سیاحوں کو پیشگی اجازت نامے کی شرط میں نرمی کی جائے تاکہ سیاحت کا شعبہ متاثر نہ ہو۔وفاقی وزیر داخلہ چودھدری نثار نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کو یقین دلایا کہ بہت جلد غیر ملکی سیاحوں کو گلگت آنے میں درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائینگے ۔گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی ہمارے حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔گلگت بلتستان میں سیاحت کے شعبے کو متاثر نہیں ہونے دیاجائیگا ۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے وسیع موقع موجود ہیں حکومت گلگت بلتستان اور ٹورز آپریٹرز کی کوششوں اور اقدامات کی وجہ سے دنیا بھر سے سیاحوں نے بڑی تعداد میں گلگت بلتستان آنا شروع کیا ہے۔غیر ملکی سیاحوں کے آنے سے گلگت بلتستا ن کی معیشت میں بہتری آئی ہے اور دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہورہا ہے۔غیر ملکی سیاحوں کو بلا تفریق پیشگی اجازت نامے کی شرط عائد کرنے سے سیاحت کا شعبہ بری طرح متاثر ہوگا۔لہذا غیر ملکی سفیروں ،تاجروں اور غیر ملکی اداروں کے علاوہ گلگت بلتستان آنے والے سیاحوں کو پیشگی اجازت نامے کی شرط میں نرمی کی جائے۔

مزید :

صفحہ آخر -