روزانہ 3ارب روپے کا نقصان حکومتی نا اہلی نہیں تو کیا ہے:لیاقت بلوچ

روزانہ 3ارب روپے کا نقصان حکومتی نا اہلی نہیں تو کیا ہے:لیاقت بلوچ

  

لاہور ( سٹی رپورٹر)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے عوام کو لوڈشیڈنگ ، کرپشن اور موجودہ حکومت کے عذاب سے نجا ت دلانے کیلئے بڑی تحریک کا آغاز کر رہے ہیں کیونکہ ناقص حکومتی کارکردگی کے سبب قوم پریشان اور ملک انتشار کا شکا ر ہے ،جس پر جما عت اسلامی خاموش نہیں رہ سکتی۔گزشتہ روز لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ کیخلاف مظاہرے سے خطاب میں انکا مزید کہنا تھا 13 ء میں بجلی کا شا رٹ فال پانچ ہزار میگاواٹ تھا ، آج بڑھ کر چھ ہزار میگاواٹ جبکہ طلب بڑھ کر 23 ہزار میگاواٹ ہوچکی ہے ، اصولی طور پر خریدی جانیو الی بجلی ایک ارب چھتیس کروڑ کی بنتی ہے جبکہ حکومت بجلی کمپنیوں کو ساڑھے چار ارب روپے روزانہ ادا کر رہی ہے اس طرح روز تین ارب رو پے کا ملک کو نقصان ہورہاہے ، ملک و قوم کیساتھ اس سے بڑی نااہلی ، بے حسی وزیادتی اور کیا ہوسکتی ہے ۔ بجلی کی ٹرانسمیشن لائنوں کو ٹھیک اور بجلی چوری روکنے کی بجائے حکومت کا سارا زور جھوٹے نعروں اور دعوؤں پر ہے ۔ نیلم، جہلم پراجیکٹس کی لاگت 520 ارب تک بڑھ گئی ہے ۔ نندی پور پاور پراجیکٹ کے سکینڈل میں سینکڑوں ارب روپے خورد برد ہوئے ۔ حکومتی نااہلی سے کراچی میں 9 سو کارخانے اور فیصل آباد میں پانچ سو صنعتی یونٹس بجلی نہ ہونے کی وجہ سے بند ہوچکے ہیں ۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہو رذکر اللہ مجاہد نے خطاب میں کہا توانائی بحران شدت اختیار کر چکا ہے ، حکومتی ناقص پالیسیوں ،عملی منصوبہ جات کی کمی اور کرپشن کی وجہ سے ملک روزانہ تین ارب روپے کا خسارہ برداشت کر رہا ہے۔ پاور جنریشن پلانٹس کے تمام منصوبوں میں کرپشن کے سکینڈلز زبان زدِ عام ہیں ۔ غیرا علانیہ لوڈشیڈنگ سے تنگ عوام کو مزید اووربلنگ ، اوور یونٹس اور بھاری جرمانوں کے ذریعے پریشان اور لوٹا جا رہا ہے ۔ واپڈا سمیت دیگر ادارے اپنا قبلہ درست کر لیں ورنہ احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہونگے۔

لیاقت بلوچ

مزید :

صفحہ آخر -