پنجاب اسمبلی، وزیراعظم کے حق میں قرارداد منظور، 3آرڈیننس پیش، کورم کا پھر مسئلہ، اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی

پنجاب اسمبلی، وزیراعظم کے حق میں قرارداد منظور، 3آرڈیننس پیش، کورم کا پھر ...

  

لاہور(نمائندہ خصوصی ) پنجاب اسمبلی کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے کے باعث غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا۔اس 28ویں اجلاس کے پانچوں روز کوئی قانوی سازی نہ ہوسکی صرف تین آرڈنینس ایوان میں پیش کئے گئے جبکہ وزیر اعظم کے حق میں ایک قرار داد منظور کی گئی، گزشتہ روز کے اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری محمد علی کھوکھر سپیکر اور اراکین کو وقفہ سوالات کے دوران مطمئن نہ کر سکے اورصرف 8سوالات کے بھی تسلی بخش جواب نہ دے سکے ،سپیکر نے 27سوالات میں دس سوال موخر 8 نمٹا دئیے اور ایک کمیٹی کے سپرد کردیا،پار کس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کی رپورٹ 2013-14پر بحث بھی نہ ہو سکی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس سپیکر رانا محمد اقبال کی زیر صدارت ایک گھنٹہ پندرہ منٹ تاخیر سے شروع ہوا۔اسمبلی کے ایجنڈے پر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے متعلق سوالا ت کے جواب پارلیمانی سیکرٹری محمد علی کھوکھر نے دئیے۔اجلاس کے آغاز میں ہی پی ٹی آئی کے رکن مراد راس نے کورم کی نشاندہی کر دی ۔کورم پورا کرنے کیلئے حکومت کو 45منٹ انتظار کرنا پڑا۔کورم پورا ہونے پر دوبارہ اجلاس 11.35منٹ پر شروع ہوا۔نئے پارلیمانی سیکرٹری محمد علی کھوکھر کسی ایک سوال کا بھی درست جواب نہ دے سکے۔جبکہ وہ بار بار پرچی کے انتظار میں محکمے کے سٹاف کی طرف دیکھتے رہے۔حنا پرویز بٹ کے ضمنی سوال پر پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ پنجاب حکومت نے تمام سرکاری ہسپتالوں میں پارکنگ اسٹینڈ فری کر دیے ہیں لیکن محرک نے کہا گنگا رام ،جناح ،میو اور سروسز ہسپتال میں غریب مریضوں کے لواحقین سے پارکنگ اسٹینڈ کی فیس لی جا رہی ہے ۔سپیکر نے درست جواب نہ آنے پر سوال موخرکردیا۔اسمبلی کے ایجنڈے پر کل 27سوال تھے جن میں سے 10پینڈ ،7ڈسپوز آف اور کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔جبکہ پانچ سوالوں کے محرک موجود تھے لیکن ان کے جواب بھی درست نہ دیے گئے۔خاتون حکومتی رکن شمیلہ اسلم نے کہا پنجاب حکومت کی جانب سے بیشتر سرکاری ہسپتالوں میں نئی مشنری تو فراہم کر دی ہیں لیکن ٹیکنیکل سٹاف فراہم نہیں کیا گیا یہ سٹاف نہ ہونے کی وجہ سے نئی مشنری کو زنگ لگ رہا ہے۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ میڈیا ورکرز کے حق میں قرار داد آؤٹ آف ٹرن لانا چاہتے تھے لیکن احسن ریاض فتیانہ کی جانب سے کورم کی نشاندہی کر دی گئی اورحکومت کورم پورا نہ کر سکی ،متعددحکومتی اراکین حاضری لگا کر واپس گھروں کو چلے گئے جس کی وجہ سے کورم پورا نہ ہو سکا۔ ،جس پر سپیکر رانا محمد اقبال اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا۔

مزید :

صفحہ آخر -