گندم خریداری میں بے ضابطگیوں پر ذمہ داروں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائیگا: ڈاکٹر فرخ جاوید

گندم خریداری میں بے ضابطگیوں پر ذمہ داروں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائیگا: ڈاکٹر ...

  

ملتان،پیرجہانیاں، خانگڑھ، کوٹ ادو،کہروڑ پکا،رحیم یار خان،لیاقت پور،صادق آباد،راجن پور ، بھکر،احمد پور سیال(سپیشل رپورٹر،نمائندگان)صوبائی وزیر لٹریسی،مشیر وزیراعلیٰ،سیکرٹری خوراک،ڈپٹی کمشنرزاور محکمہ خوراک کے افسران کی جانب سے گندم مراکز کے دورے جاری ہے۔اس سلسلے میں ملتان سے سپیشل رپورٹر کے مطابق1 صو بائی وزیر لٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا ہے کہ گندم خریداری کے عمل میں کسانوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں ،خریداری مراکز پر بیوپاریوں کا داخلہ بند ہے جس کا مقصد حکومتی ریلیف کو براہ راست کاشتکاروں تک پہنچا نا ہے ،اراکین اسمبلی ،ریونیو وفوڈ عملہ اور کسان اتحاد کے نمائندے شفاف گندم خریداری کو یقینی بنا نے کے لئے مراکز پر موجود ہیں ۔ کمپیوٹرائزڈ پراسس کی وجہ سے ایک کاشتکار دوسری مرتبہ نہ تو بار دانہ لے سکتا ہے ہے اور نہ ہی گندم فروخت کرسکتا ہے ، انہوں نے ان خیالات کا اظہار گندم خریداری مرکز بند بوسن کے معائنہ کے دوران کاشتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ فوڈ ملتان محمد اعجاز ،تحصیل دار صدر عبدالغنی و دیگر بھی موجود تھے۔ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا کہ گرداوری کے مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے ، ہماری کوشش ہے کہ زمینداروں کے مستاجروں کو بھی گندم کی پوری قیمت ملے۔ گندم کا وافر ذخیرہ موجودہ ہو نے کے باوجود مزید گندم خریدنے کا فیصلہ کسانوں کو ان کی محنت کابروقت معاوضہ فراہم کر نا مقصود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی فروخت کے بعد کاشتکاروں کو انکے معاوضے کی فوری ادائیگی کو بھی یقینی بنا دیا گیا ہے ،گندم خریداری عمل کے دوران اگر بے قاعدگیاں سامنے آئیں تو ذمہ داروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا انہوں نے مزید کہا کہ ریونیو عملہ کاشتکاروں کے ریکارڈ کی موقع پر تصدیق کے بعد انہیں باردانہ کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے بند بوسن خریداری مرکز پر موجود کسانوں سے مسائل بھی پوچھے اور ان کے حل کے لئے موقع پر احکامات بھی دیئے۔پیرجہانیاں، خانگڑھ،کوٹ ادو سے نمائندہ پاکستان،نامہ نگار،تحصیل رپورٹر کے مطابق ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ محمد سیف انور نے کہا ہے کہ گندم خریداری مراکز پر باردانے کی تقسیم میرٹ پر بلا امتیاز کی جائے ، کسی سفارش کو خاطر میں نہ لایا جائے ، کسی بھی سطح پر کوئی بے ضابطگی سامنے آئی تو ملوث اہلکاروں اور افسران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی، یہ بات انہوں نے گندم خریداری کے سلسلے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ گندم خریدار مراکز پر کاشتکاروں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں، بیٹھنے کیلئے سایہ دار جگہ اور پینے کیلئے ٹھنڈے پانی کے مناسب انتظام کو یقینی بنایا جائے، انہو ں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی احکامات کے مطابق پہلے 15روز میں باردانے کی تقسیم کے کوٹے کو 60فیصد سے بڑھا کر70فیصد کردیا گیا ہے ، پالیسی کے مطابق چھوٹے کاشتکاروں کو ترجیح بنیادوں پر باردانہ فراہم کیا جائے ، اس موقع پر اے ڈی سی ریونیو مہر خالد نے بتایا کہ امسال محکمہ خوراک حکومت پنجاب کی طرف سے مظفرگڑھ کی 2تحصیلوں مظفرگڑھ اور کوٹ ادو میں گندم خریداری کا ہدف 13لاکھ 10ہزار ٹن مقرر کیا گیا ہے جس کیلئے 17مراکز قائم کئے گئے ہیں۔کہروڑپکا سے سٹی رپورٹر کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے سیاحت رائے حیدر علی خان نے کہا ہے کہ کاشتکارو ں سے گندم خریداری نظام میں شفا فیت کو یقینی بنا یا جائے اور ہر مر حلے پر مجوزہ اصول و ضوابط اور میرٹ کو اولین تر جیح دی جائے ۔ انہوں نے یہ بات آج یہاں لودھراں کی تحصیل دنیا پور شہر اور اس کے نواحی علاقوں میں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی ہدا یت پر گندم خریداری مرا کز کے اچا نک معا ئنہ کے دوران کہی ۔ اس مو قع پر ڈپٹی کمشنر راجہ خرم شہزاد ، ڈی ایف سی ٖفوڈ محمد عبداللہ،عامر اقبال قریشی ایم پی اے، اسسٹنٹ کمشنر دنیا پور نجیب اللہ ترین بھی اس مو قع پر مو جود تھے۔رحیم یار خان سے بیورو رپورٹ کے مطابق صوبائی سیکرٹری خوراک شوکت علی نے ڈپٹی کمشنر سقراط امان رانا کے ہمراہ ضلع میں گندم خریداری کے سلسلہ میں قائم کئے گئے مختلف گندم خریداری مراکز کا دورہ کرتے ہوئے وہاں پر کاشتکاروں کی سہولت کے لئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے ضلعی افسران کو ہدایت کی کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق چھوٹے کاشتکاروں سے گندم ترجیحی بنیادوں پر خریدی جائے اور خریداری مراکز پر آنے والے کاشتکاروں کو مکمل رہنمائی فراہم کی جائے۔لیاقت پور سے نامہ نگار کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر لیاقت پور محمد اختر منڈھیرا نے کہا ہے کہ گندم کی خریداری کے لیے کیے گئے تمام اقدامات کسان بھائیوں کی سہولت کے لیے بھرپور طریقے سے جاری ہیں محکمہ خوراک کے ہر مرکز خریداری پر ریونیو عملہ اور محکمہ فوڈ کے افسران اور اہلکار موقع پر موجود ہیں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے سسٹم کو شفاف طریقے ترتیب دیا ہے جس کی وجہ سے اقرباء پروری یا سفارش کا قلع قمع ہو کر رہ گیا ہے۔صادق آباد سے نامہ نگار کے مطابقحکومت پنجاب نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر صوبہ بھر میں گندم خریداری کیلئے بھرپور انتظامات اٹھائے ہیں ،حکومت پنجاب کاشتکاروں اور کسانوں سے گندم کا ایک ایک دانہ سرکاری نرخوں پر خریداری کرے گی ،تمام مراکز خریداری سنٹرز پر گزشتہ سالوں سے بڑھ کر سہولیات کسانوں اور کاشتکاروں کیلئے فراہم کی گئی ہیں ،محکمہ خوراک کے عملہ سمیت تمام محکمہ جات کو ڈیوٹی احسن طریقے سے ادا کرنے کی سخت ہدایات دی گئیں ہیں،کسی بھی مڈل مین کو باردانہ چلت نہیں کیا جائیگا ان خیالات کا اظہار سیکرٹری خوراک پنجاب شوکت علی نے صادق آباد میں مرکزخریداری گندم چکنمبر5/npکے دورے کے دوران اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عباس رضاناصر نے سیکرٹری خوراک پنجاب کو صادق آباد میں گندم خریداری کے احداف اور انتظامات اور سنٹرز کی تفصیلات سے آگاہی دی اس موقع پر اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرمحمد یار،افضل صدیقی،سمیت محکمہ خوراک کے دیگر افسران و شخصیات موجود تھیں ۔راجن پور سے ڈسٹرکٹ رپورٹر کے مطابق کسان صاف ،شفاف اور جڑی بوٹیوں سے پاک گندم فوڈسنٹرز پر لائیں ،کسانوں کو میرٹ پر باردا نے کی فراہمی کویقینی بنادیا ہے ضلع بھر کے نومراکز خرید پر کسانوں کو باآسانی باردا نہ فراہم کیا جارہا ہے ضلع بھر کے تمام سنٹرز پر باردانہ کثیر تعداد میں فراہم کردیا گیا ہے یہ بات ڈسٹر کٹ فوڈ کنٹرولر میاں پرویزافضل قریشی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی اُن کا کہنا تھا کہ کسانوں کو پہلے آئیں اور پہلے پائیں کی بنیاد پر شفاف انداز میں خالی بوریاں فراہم کی جارہی ہیں۔بھکر سے نامہ نگار کے مطابق حکومت پنجاب نے چھوٹے کاشتکاروں کو آڑھتیوں کے استحصال سے محفوظ رکھنے اور گندم کی قیمت میں استحکام برقرار رکھنے کیلئے خریداری گندم کی شفاف اور کسان دوست سکیم متعارف کرائی ہے تاکہ چھوٹے کاشتکار اپنی گندم کی پیداوار کا حقیقی معاوضہ بروقت حاصل کرسکیں ۔یہ بات ڈپٹی کمشنر سید بلال حیدر نے جمعہ کے روز خریداری گندم مرکز کلورکوٹ کے معائنہ کے موقع پر وہاں موجود کاشتکاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔اسسٹنٹ کمشنر محمد سلیم راجہ بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔دریں اثناء چیئرمین ضلع کونسل احمد نواز خان نوانی کا فوڈسنٹروں پر کسانوں کی تذلیل کا سخت نوٹس، ہنگامی اجلاس طلب کرکے کسانوں کے حق میں متفقہ قرار داد منظور کرالی۔تفصیلات کے مطابق ضلع بھکر کے فوڈ سنٹروں میں ہوانے والی مبینہ کرپشن اور زیادتیوں کے خلاف احمد نواز خان نوانی چیئرمیں ضلع کونسل نے کسانوں کے ساتھ زیادتی کا نوٹس لیا اور ضلع کونسل کے اجلاس میں بھکر کیلئے باردانہ کا کوٹہ بڑھانے اور مڈل مین اور آڑھتی کا داخلہ فوڈ سنٹروں پر بند کرنے کیلئے قرارداد پیش کی گئی۔ جسے بھاری اکثریت سے منظور کرلیا گیا۔ قرار داد میں مزید مطالبہ کیا گیا کہ باردانہ کی تقسیم میں میرٹ کو یقینی بنایا جائے اور سفارشی حضرات کا داخلہ روکا جائے۔احمد پور سیال سے نامہ نگار کے مطابق ڈی سی جھنگ کا تحصیل احمد پور سیال کا اچانک دورہ مراکز خریداری گندم اور ٹی ایچ کیو احمد پور سیال کا تفصیلی معائنہ کیا تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ڈی سی جھنگ ملک مدثر ریاض ،اسٹنٹ کمشنر احمد پور سیال ضمیر حسین نے مراکز خریداری گندم احمد پور سیال ،گڑھ موڑ ،کوٹ بہادر شاہ کا دورہ کیا جہاں پر کاشتکاروں اور کسانوں سے باردانہ کے حوالے مسا ئل سنے اور عملہ کو جلد گندم کی خریداری کی ہدایت کی بعدا زاں وہ تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال احمد پور سیال پہنچے وہاں پر ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر حفیظ اللہ خان خالد نے ہسپتال کے مسائل بتائے جس پر انہوں نے ایمرجنسی میں ہیلتھ کونسل کے بجٹ سے اے سی لگانے کی منظوری دی ۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -