کشمیر پر اقوام متحدہ کی خاموشی کشمیری عوام کیساتھ زیادتی کے مترادف ہے،سردار مسعود خان

کشمیر پر اقوام متحدہ کی خاموشی کشمیری عوام کیساتھ زیادتی کے مترادف ہے،سردار ...

  

لاہور (پ ر)آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی خاموشی، انسانیت بالخصوص کشمیری عوام کے ساتھ ظلم و زیادتی کے مترادف ہے اور یہ انسانیت کی بلحاظ مجموعی ناکامی بھی ہے۔ مسئلہ کشمیر فقط دو طرفہ مسئلہ نہیں بلکہ یہ چار فریقی مسئلہ ہے اور بھارتی حکومت کی دو طرفہ مسئلہ کی رٹ، اس مسئلہ سے انحراف کی غمازی کرتا ہے۔اقوام متحدہ میں اس مسئلہ کو قراردادوں سے اور یاداشتوں کے ذریعے زندہ رکھا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یونیورسٹی آف دی لاہور بھوبتیاں چوک کے دورہ کے موقع پر چئیرمین یونیورسٹی آف دی لاہور اویس اے رؤف اور پیٹرن ایم اے رؤف یونیورسٹی آف لاہور کے ساتھ ملاقات کے موقع پر بعد ازں طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے نہتے اور معصوم عوام اس وقت اپنے حقوق اور آزادی کی جنگ بغیر کسی اسلحہ کے اپنے جذبہ ایمانی کے ساتھ لڑ رہے ہیں لیکن بھارت مؤثر پروپیگنڈا کے ذریعہ ان آزاد کے متوالوں کو دہشت گرد قرار دینے پر عالمی برادری کے سامنے اس کی تصویر کشی کر رہا ہے۔ تاہم وہ اپنے ان مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکے گا۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اٹھائے جانے اور مؤثر انداز میں پیش کرنے کو سراہا اور پاکستانی عوام بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ عالمی فورم پر کشمیر پر بھارتی افواج کے مظالم کو اٹھاتے رہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ کشمیری عوام کے ساتھ آواز ملاتے ہوئے ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں اور مسئلہ کیلئے سوشل میڈیا کا استعمال مؤثر انداز میں کریں اور عالمی برادری کو بتائیں کہ کشمیر کی جنگ حق خودارادیت کی جنگ ہے جو تشدد سے پاک نہتے معصوم کشمیری عوام ازخود لڑ رہے ہیں۔ یونیورسٹی آف دی لاہور کے چئیرمین اویس اے رؤف نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود کی پروقار شخصیت اور لیڈر شپ کی وجہ سے اس تحریک میں مزید جان پیدا ہوگی۔ انہوں نے پاکستانی عوام اور نوجوانوں کی طرف سے کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی سطح پر حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر پیٹرن یونیورسٹی آف دی لاہور ایم اے رؤف ڈینز ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس، ریکٹر، پروریکٹر اور سول سوسائٹی اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -