سنگین غداری کیس ,وزارت داخلہ نے سابق صدر پرویز مشرف کی جائیدادوں اور دیگر اثاثو ں کی تفصیلات خصوصی عدالت میں جمع کرادیں
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزارت داخلہ نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی جائیدادوں اور دیگر اثاثو ں کی تفصیلات سنگین غداری کیس کی سماعت کرنے کیلئے قائم خصوصی عدالت میں جمع کرادی ہیں جبکہدوسری طرف وکیل استغاثہ اکرم شیخ کی طرف سے معروضات بھی عدالت میں جمع کرادی ہیں ۔
وزارت داخلہ کی طرف سے عدالت میں جمع کرائی گئی تفصیلات کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف کے کراچی کینٹ اور کراچی ڈی ایچ اے میں پلاٹ ہیں،جبکہ ڈی ایچ اے اسلام آباداور چک شہزاد اسلام میں ایک فارم ہاوس ہے جبکہ گوادر میں ان کا بھی پلاٹ ہے۔وزارت داخلہ کی رپورٹ کے مطابق پرویز مشرف نے بہاولپور کی زرعی زمین فروخت کر دی ہے تاہم ان کی بیرون ملک دو جائیدادیں بھی موجود ہیں۔2 لینڈ کروزر اور ایک کرولا گاڑی بھی ان کی ملکیت ہے جبکہ الیکشن کمیشن کے مطابق پرویز مشرف کے نجی اور مشترکہ آٹھ بنک اکاونٹس ہیں۔ ان اکاونٹس میں نوے لاکھ پاکستانی اور بیس لاکھ ڈالر ز موجود ہیں۔ وزارت داخلہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسٹیٹ بنک کے مطابق پرویز مشرف کے نجی و مشترکہ 9اکاونٹس ہیں جن میں ایک کروڑ ستر لاکھ سے زائد رقم اور پچپن ہزار سے زائد ڈالرز موجود ہیں۔وکیل استغاثہ کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی معروضات میں کہاگیا ہے کہ ملزم بغیر اجازت بیرون چلا گیا جس کے بعد خصوصی عدالت ملزم کو مفرور اور،اشتہاری قرار دے چکی ہے، وکیل استغاثہ نے موقف اپنایا ہے کہ عدالت ملزم پرویز مشرف کی جائیدادوں کی ضبطی کا حکم دے چکی ہے ، ملزم نے بار بار نوٹسز کے باوجود پیش نہ ہوکر انصاف کے راستے میں رکاوٹ ڈالی ہے، اس لئے خصوصی عدالت ملزم کیخلاف کاروائی کیلیے ہرممکن اقدام اٹھا ئے۔ یاد رہے کہ خصوصی عدالت سنگین غداری کیس کی سماعت 5 مئی کو کرے گی ،اس موقع پر عدالت ملزم پرویز مشرف کی اہلیہ اور بیٹی کی جانب سے جائیداد ضبطگی کے حکم کیخلاف دائر درخواستوں کا جائزہ لے گی۔