ایف آئی اے کا نجی ہاوسنگ سوسائٹی میں گھر پر چھاپا،گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری کرنے والے2 ڈاکٹرز گرفتار

ایف آئی اے کا نجی ہاوسنگ سوسائٹی میں گھر پر چھاپا،گردوں کی غیر قانونی پیوند ...
ایف آئی اے کا نجی ہاوسنگ سوسائٹی میں گھر پر چھاپا،گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری کرنے والے2 ڈاکٹرز گرفتار

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)ایف آئی اے نے ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ ایکٹ کے تحت پہلی کارروائی کرتے ہوئے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے ایک گھر پر چھاپہ مار کر غیر قانونی طور پر گردوں کی پیوند کاری کرنے والے دوڈاکٹروں کو  رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا جبکہ دو ڈونرز کو بھی دھر لیا گیا ،پیوند کاری کرانے والے دو غیر ملکی مریضوں  کو ایمبولینس کے ذریعے مقامی  ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔

فنی صلاحیتوں کا اعتراف، آکسفورڈ یونیورسٹی نے ریہرسل روم راحت فتح علی خان کے نام سے منسوب کردیا

نجی ٹی وی کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے ملتان روڈ سے کچھ فاصلے پر واقع نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں اس گھر کی خفیہ اطلاع پر کافی عرصہ سے ریکی کی جارہی تھی،اطلاع پر ایف آئی اے کی ٹیم نے آج اس گھر پر چھاپہ مارا گیا جہاں پر غیر قانونی طور پر گردوں کی پیوند کاری میں مصروف 2 ڈاکٹرز کو گرفتار کر لیا گیا ، جن کی شناخت ڈاکٹر التمش اور ڈاکٹر فواد کے نام سے ہوئی ہے،دونوں ڈاکٹرز جنرل ہسپتال لاہور میں سرکاری ملازمت بھی کرتے ہیں جبکہ گرفتارملزمان نے گھر میں غیر قانونی طور پر آپریشن تھیٹربنا رکھا تھا، جہاں وہ غیر ملکیوں کے گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری کرتے تھے ۔ایف آئی اے نے اس موقع پر پیوند کاری کرانے والی اومان کی رہائشی خاتون سمیت دو مریضوں کو ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ڈاکٹر التمش کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کا جنرل سیکرٹری ہے ،جبکہ ان کے ساتھ گرفتار ہونے والے ڈاکٹر فواد پر اس سے قبل بھی 6 مقدمات درج ہیں ،اس موقع پر گردے فروخت کرنے والے دو افراد کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے ۔گرفتار ہونے والے ڈاکٹرز غیر قانونی طو رپر غریب افراد کے گردے نکال کر غیر ملکیوں کو مہنگے داموں فروخت کرتے اور پیوند کاری کا دھندہ کرتے تھے۔ڈائریکٹر ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان کے مطابق چھاپے کے دوران گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری کی جارہی تھی ،ملزمان کو گرفتار کر کے کارروائی شروع کر دی ہے ، انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوند کاری کے خلاف مزید کارروائیاں بھی ہوں گی۔

مزید :

لاہور -