ٹرمپ نے بطور صدر 10ہزار 111 بار جھوٹ بولا، امریکی صدرروزانہ اوسطاً کتنے جھوٹ بولتے ہیں؟ حیران کن اعدادو شمار جاری

ٹرمپ نے بطور صدر 10ہزار 111 بار جھوٹ بولا، امریکی صدرروزانہ اوسطاً کتنے جھوٹ ...
ٹرمپ نے بطور صدر 10ہزار 111 بار جھوٹ بولا، امریکی صدرروزانہ اوسطاً کتنے جھوٹ بولتے ہیں؟ حیران کن اعدادو شمار جاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں واشنگٹن پوسٹ اخبار نے لکھا ہے کہ موصوف صدر بننے کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر 10 ہزار 111 بار جھوٹ بول چکے ہیں ۔ امریکی صدر اوسطاً روزانہ 23 بار جھوٹ بولتے ہیں۔
پیر کے روز واشنگٹن پوسٹ نے صدر ٹرمپ کے جھوٹ بولنے کی صلاحیت سے متعلق رپورٹ شائع کی ۔ امریکی اخبار کے مطابق فیکٹ چیکر ڈیٹا بیس نے ٹرمپ کی صدارت کے پہلے 601 دنوں کے دوران ان کی جانب سے بولے گئے 5 ہزار جھوٹ ریکارڈ کیے ، یعنی صدر ٹرمپ نے اپنے اقتدار کے پہلے 601 دنوں کے دوران اوسطاً 8 جھوٹ روزانہ بولے لیکن حیران کن طور پر گزشتہ 226 دنوں کے دوران صدر ٹرمپ کی غلط بیانیوں کی تعداد 10 ہزار سے بھی بڑھ گئی ہے، یعنی اب 8 کی اوسط بڑھ کر 23 جھوٹ روزانہ ہوگئی ہے۔
ابتدائی طور پر یہ فیکٹ چیکر صدر ٹرمپ کے پہلے 100 دنوں کا جائزہ لینے کیلئے شروع کیا گیا تھا جس میں یہ بات سامنے آئی کہ موصوف نے روزانہ اوسطاً 5 جھوٹ بولے ۔ پہلے 100 دنوں کی کارکردگی دیکھتے ہوئے یہ اندازہ لگایا جارہا تھا کہ ٹرمپ اپنے دور اقتدار میں مجموعی طور پر 7 ہزار جھوٹ بولیں گے لیکن اعداد وشمار جمع کرنے والے افراد یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ ٹرمپ کی جھوٹ بولنے کی رفتار کتنی بڑھ چکی ہے۔
واشنگٹن پوسٹ کی جانب سے فیکٹ چیکر کا 27اپریل تک کا ڈیٹا جاری کیا گیا ہے جو ٹرمپ کی صدارت کا 828 واں دن بنتا ہے۔ اس عرصے کے دوران انہوں نے مجموعی طور پر 10ہزار 111 بار جھوٹ بولے۔ ٹرمپ کے جھوٹ بولنے کی رفتار کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ انہوں نے 25 اپریل کو فوکس نیوز پر 45منٹ کا ٹیلیفونک انٹرویو دیا جس کے دوران انہوں نے 45 جھوٹ بولے۔ انہوں نے 26 اپریل کو رپورٹرز کے ساتھ 8 منٹ تک بات کی جس میں انہوں نے 24 غلط بیانیاں کیں۔ اس ڈیٹا کے آخری روز یعنی 27 اپریل کو صدر ٹرمپ نے مڈ ٹرم الیکشن کے سلسلے میں ایک ریلی نکالی جس کے دوران انہوں نے 61 بار جھوٹ بولا۔
صرف یہی نہیں بلکہ امریکی صدر ٹوئٹر پر بھی انتہائی دیدہ دلیری کے ساتھ جھوٹ بولتے ہیں۔ انہوں نے 25 سے 27 اپریل کے دوران یعنی صرف تین دن میں ٹوئٹر پر 171 غلط یا گمراہ کن باتیں کہیں۔