پوش علاقوں میں ڈکیتیاں کرنے والے گروہ کا دوسرارکن بھی گرفتار

پوش علاقوں میں ڈکیتیاں کرنے والے گروہ کا دوسرارکن بھی گرفتار

  

پشاور (کرائم رپورٹر) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے پوش علاقوں میں اہلخانہ کو یرغمال بنا کر لوٹ مار کرنے والے گروہ کے دوسرے رکن کو بھی گرفتار کرلیا، گرفتار ہونے والے ملزم کا تعلق ضلع نوشہرہ سے ہے جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران اسلحہ کی نوک پر متعدد وارداتوں کا اعتراف کرلیا ہے، ملزم کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی پرائز بانڈ اور طلائی زیورات بھی برآمد کرلیے گئے ہیں جس سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع کی جارہی ہے، گرفتار ملزم کے ایک ساتھی کو پہلے ہی جیل بھیج دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق مدعی عطاء خان ولد شہر یار سکنہ خیبر کالونی نے تھانہ ٹاؤن پولیس کو رپورٹ کی تھی کہ چند نامعلو م افراد نے اس کے گھر میں گھس کر اسلحہ کی نوک پر اہلخانہ کو یرغمال بناکر لاکھوں روپے مالیت کے پرائز بانڈ زاور طلائی زیورات لوٹ لئے جس کی رپورٹ پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفیش شروع کر دی گئی۔ایس پی کینٹ تصور اقبال نے ٹاؤن جیسے پوش علاقے میں اسلحہ کی نوک پر ڈکیتی کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی ٹاؤن مختیار علی اور ایس ایچ او ٹاؤن محمد اشفاق پر مشتمل ٹیم تشکیل دی تھی جنہوں نے ملوث گروہ کا سراغ لگا کر ایک ملزم واجد الرحمان ولد عبد الرحمان سکنہ طوطاکے کرک کو گرفتار کرلیاتھا جس نے دوران تفتیش جرم کا اعتراف کرتے ہوئے شریک ساتھیوں کے نام بھی اگل دیئے تھے جس کی روشنی میں ملوث دیگر ملزمان کی تلاش شروع کی گئی جس کے دوران گزشتہ روز ایس ایچ او ٹاؤن محمد اشفاق خان نے دوسرے ملزم سہیل اسلام ولد میر غلام خان سکنہ نوشہرہ پپی کا سراغ لگا کر گرفتار کرکے اس کے قبضے لاکھوں روپے مالیت کی پرائز بانڈ اور طلائی زیورات برآمد کرلیے ہیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -