تفتان قرنطینہ سے مزید 195زائرین اپنے صوبوں کو روانہ

تفتان قرنطینہ سے مزید 195زائرین اپنے صوبوں کو روانہ

  

چاغی(آن لائن)تفتان بارڈر قرنطینہ سینٹر سے 195زائرین اپنے صوبے روانہ ہوگئے ہیں۔ لیویز ذرائع کے مطابق ایران سے آنے والے 195زائرین کو 6بسوں پر انکے صوبوں میں روانہ کردیا گیاہے۔ زائرین کا تعلق صوبہ سندھ، پنجاب، اور کے پی، سے ہے۔ زائرین کو تفتان بارڈر سے براراست انکے صوبوں کے قرنطینہ سینٹر روانہ کیا گیا ہے جبکہ پاک ایران سرحدی شہر تفتان بازار چاہ مقامی ضروریات کے پیش نظر ہفتے میں تین روز کھلا رہیگا۔ایران سے آنے والے کنٹینرز کو اسپرے کیا جارہا ہے اور تمام سامان کو الگ ایک مخصوص جگہ پر اتارا جارہا ہے۔ یاد رہے پاک ایران بازار چاہ گزشتہ ڈیڈھ مہینے سے بند پڑا تھا گزشتہ روز 20ٹرالر خوردونوش اشیا کے ایران سے تفتان بارڈر بازار چاہ پہنچ گئے جس میں روزمرہ کے خوردونوش اشیا کی چیزیں شامل ہیں۔دوسری جانب ایران نے بغیر دستاویزات کے سفر کرنے والے 42پاکستانی شہریوں کو گرفتار کر کے سرحد پر لیویز حکام کے حوالے کردیاہے۔یہ پاکستانی شہری غیر قانونی طور پر ایران میں داخل ہوئے تھے انہیں ایران کے مختلف شہروں سے گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار افراد کی بارڈر پر ہی راہداری گیٹ کے مقام پر اسکریننگ کی گئی بعدازاں انہیں پاکستان ہاؤس قرنطینہ سینٹر منتقل کردیا گیا ہے۔

زائرین

مزید :

پشاورصفحہ آخر -