بقایاجات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے اخباری صنعت کو مالی بحران کا سامنا ہے،حمید ہارون،سرمد علی
کراچی (پ ر)اے پی این ایس نے سینیٹر شبلی فراز کی بطور وزیر اطلاعات اور لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کو وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات کے تقرر کا خیرمقدم کیا ہے۔ آل پاکستان نیوز پیپرس سوسائٹی کے صدر حمید ہارون سیکرٹری جنرل سرمد علی نے ایک بیان میں سینیٹر شبلی فراز اور لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کو ان کی تقرریوں پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وفاقی حکومت کی نئی میڈیا ٹیم اخبارات کی صنعت کو درپیش مسائل کے حل کی کوشش کرے گی اور مرکزی دھارے کے ذرائع ابلاغ کے ساتھ انتہائی ضروری دوستانہ تعلقات استوار کرے گی۔انہوں نے کہا کہ سرکاری اور نجی شعبے کے اشتہارات میں نمایاں کمی اور وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے طویل عرصے سے بقایاجات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے اخباری صنعت کو معاشی مالی بحران کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔کرونا وبا نے اس بحران کو بڑھاوا دیا جس نے میڈیا کی معیشت کو تباہ کردیا ہے۔ اس سلسلے میں اے پی این ایس نے بار بار پرنٹ میڈیا کے لئے امدادی پیکیج کی درخواست کی ہے جس میں اشتہاروں کی مقدار میں فوری اضافہ، سرکاری اشتہار کی شرحوں میں اضافہ اور واجبات کی ادائیگی شامل ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی میڈیا ٹیم پرنٹ میڈیا کے لئے مطلوبہ ریلیف پیکیج کوجاری کرنے کو ترجیح دے گی۔
مبارکباد