مسلمانوں پر بھارتی مظالم کیخلاف اسلامی ممالک کے اتحاد کا وقت آگیا: فیاض الحسن چوہان
لاہور(این این آئی) صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کویتی وزرا ء کونسل کی جانب سے بھارت میں مسلمانوں پر بڑھتے حملوں کے خلاف مذمتی قراردار کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام مسلم ممالک کی جانب سے بھارت اور کشمیر میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے مظالم کے خلاف متحد ہو کر اٹھ کھڑے ہونے کا وقت آ گیا ہے۔ اپنے بیان میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ نریندر مودی کے بھارت میں نسلی، مذہبی اور لسانی بنیادوں پر تفریق اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے۔ اسلاموفوبیا کی عینک پہنے فاشسٹ بی جے پی کو مسلمانوں کے خلاف مظالم نظر نہیں آ رہے۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ آر ایس ایس کی لگائی ہندوتوا کی آگ نے پورے بھارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس کی وجہ سے آج بھارت میں غریب مسلمانوں کو راشن لینے کے لیے ہندومت کے نعرے لگانے پر مجبور کیا جا رہا ہے، مسلمانوں کو سرکاری نل سے پانی لینے، ریڑھی لگانے، سامان بیچنے سے منع کیا جا رہا ہے اور بھارتی ہسپتال مسلمان مریضوں کو کرونا پھیلانے کے الزام لگا کر داخل نہیں کر رہے۔ وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ بھارت میں آئے دن مساجد پر حملے اور قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات سامنے آ رہے ہیں لیکن افسوس کا مقام ہے مسلمانوں کے خلاف مظالم پر مودی سرکار مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔ انہوں نے بھارتی میڈیا کی منافقت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ انتہا پسند میڈیا نے تبلیغی مراکز میں کرونا کیسز سامنے آنے پر تو بے انتہا شور مچایا لیکن آج جب سینکڑوں تبلیغی کرونا سے ٹھیک ہونے کے بعد اپنا پلازمہ عطیہ کر رہے ہیں تو بھارتی میڈیا دانستہ آنکھیں بند کیے ہوئے ہے۔
فیاض چوہان