اوآئی سی بھارتی مسلمانوں پر مظالم کا معاملہ عالمی فورمز پر اٹھائے،شاہ محمود

اوآئی سی بھارتی مسلمانوں پر مظالم کا معاملہ عالمی فورمز پر اٹھائے،شاہ محمود

  

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سیکرٹری جنرل او آئی سی اور رکن ممالک کو خط لکھ کر بھارت میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم سے آگاہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ بھارت کی انتہاء پسند ہندو جماعت آر ایس ایس اور حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیزی پھیلا رہی ہیں۔ بھارت میں بسنے والے مسلمانوں کو کورونا وائرس کا ذمہ دار قرار دیا جارہا ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں کو انسانی بم قرار دے کر ان کی کردار کشی کی جا رہی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا سوشل میڈیا سیل کورونا جہاد، بائیو جہاد اور کویڈ 19 جیسے پیغامات پھیلا رہا ہے۔وزیر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ او آئی سی اس معاملے کو عالمی فورمز پر اٹھائے۔ ہندوستان کے ہتک آمیز اقدامات بین الاقوامی قوانین اور قراردادوں کے منافی ہیں۔ مسلمانوں کے خلاف عالمی اور مقامی ذرائع ابلاغ دکانوں اور مساجد پر حملوں کے مناظر دکھا رہے ہیں۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ ہندوتوا ایجنڈے کے تحت چلنے والی مہم کے نتائج انتہائی مہلک ہو سکتے ہیں۔علاوہ ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ میں قائم ایمرجنسی کرائسز مینجمنٹ یونٹ کا ہنگامی دورہ کیا، وزیر خارجہ نے کرائسز مینجمنٹ یونٹ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا، ڈیوٹی پر موجود افسروں اور اہلکاروں سے سیل کی کارکردگی جانچنے کیلئے مختلف سوالات کیے، بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی کرائسز مینجمنٹ یونٹ میں موصول ہونے والی کالز، شکایات اور ان کے ازالے کیلئے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ڈی جی ایمرجنسی کرایسز مینجمنٹ یونٹ سلمان اطہر نے کرونا وبا کے دوران، مختلف ممالک میں،واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی وطن واپسی کے حوالے سے وزیر خارجہ کو مفصل بریفنگ دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مشکلات اور تکالیف کا ہمیں مکمل ادراک ہے،حکومت بیرونی ممالک میں واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی مرحلہ وار، جلد وطن واپسی کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

شاہ محمود

مزید :

صفحہ اول -