عالمی برادری مسلمانوں کا قتل عام رکوانے کیلئے بھارتی حکومت پر دباؤ ڈالے،شہبازشریف

        عالمی برادری مسلمانوں کا قتل عام رکوانے کیلئے بھارتی حکومت پر دباؤ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے بی جے پی حکومت کی سرپرستی میں بھارت میں اسلام اور مسلمانوں کیخلاف نفرت انگیز مہم،تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کی سرپرستی میں انڈیا میں اسلام اور مسلمانوں کے خلاف بھڑکائی جانے والی نفرت انتہائی قابل مذمت ہے،بی جے پی انتہاء پسند، تنگ نظر اور انتہائی متعصبانہ سوچ پر مبنی آر ایس ایس کے زیر اثرہے،بی جے پی ریاستی قوت کا اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف بڑی بے رحمی سے ناجائز اور غیرمنصفانہ استعمال کررہی ہے،بھارت میں برسراقتدار گروہ دراصل مسلمان آبادی اور دیگر کمزور اقلیتوں کی نسل کشی کے مذموم ایجنڈے پر کاربند ہے،بابری مسجد کی شہادت، گجرات میں مسلمانوں کا قتل عام، سمجھوتہ ایکسپریس، شہریت ایکٹ بھارتی مجرمانہ سوچ کی چند نمایاں مثالیں ہیں،ایک منظم اور سوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت اب کورونا عالمی وباء کے پھیلاو کا ذمہ دار مسلمانوں کو قرار دیاجارہا ہے،مسلمانوں کی عبادت گاہوں، مذہبی آزادیوں کے بعد ان کی زندگی کو نشانہ بنایاجانا معمول بن چکا ہے،مودی حکومت انسانی زندگی کی حرمت پامال کرکے ہٹلر کے راستے پر کاربند ہے،ہٹلر کا نشانہ یہودی تھے تو آج مودی کا نشانہ مسلمان ہیں۔ انہوں نے کہا اقوام متحدہ، سلامتی کونسل، عالمی برادری، عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں مسلمانوں پر ظلم رکوائیں،عالمی برادری بھارت کے اندر پرامن اقلیتیوں بالخصوص مسلمانوں کا قتل عام رکوانے کے لئے بھارتی حکومت پر دباو ڈالے،امریکہ، برطانیہ، یورپ، مہذب دنیا بنیادی انسانی احترام اور مذہبی آزادیوں کی عالمی اقدار کی پامالی پربھارت کے خلاف اقدامات کریں،امریکہ، برطانیہ، برطانوی پارلیمان، کویت اور ایران کی بھارت کے اندر اسلام اور مسلمانوں کے خلاف نفرت کی مہم روکنے کے مطالبے کی تائید وحمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا او۔آئی۔سی کی بھارت میں جاری نفرت انگیز مہم کی مذمت کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں،او۔آئی۔سی اسلامی دنیا کی نمائندہ آواز کے طورپر بھارتی حکومت کے ساتھ باضابطہ یہ معاملہ اٹھائے،او۔آئی۔سی کے پلیٹ فارم کے ذریعے عالمی اداروں میں بھارتی اقدمات کو اٹھایا جائے،بھارت سے کہاجائے کہ شہریت ایکٹ سمیت دیگر متعصبانہ اقدامات کے خاتمے کا اعلان کرے،مسلمانوں کے بنیادی انسانی حقوق کی پاسداری او۔آئی۔سی کے منشور کا بنیادی نکتہ ہے،مجھے امید ہے کہ او۔آئی۔سی اس ضمن میں متفقہ لائحہ عمل مرتب کرکے جلد عملی اقدامات اٹھائے گی،بھارت کے اندررہنے والی تمام اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کرتے ہیں،ان کے مسلمہ عالمی بنیادی انسانی اور قانونی حقوق کے لئے پوری قوت سے آواز بلند کرتے رہیں گے۔دوسری طرفچین کی کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے قائد حزب اختلاف شہبازشریف کو تہنیتی خط تحریر کیا گیا ہے جس میں کورونا کیخلاف جنگ میں چین کی حمایت اور یک جہتی کے اظہار پر شکریہ ادا کیا گیا۔شہباز شریف کے نام خط میں کمیونسٹ پارٹی چین کی جانب سے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا گیا ہے، کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے کہا گیا کہ کورونا کیخلاف جنگ میں چین کی حمایت میں پاکستانی معاشرے کی طرف سے دل چھو لینے والے واقعات سامنے آئے، کورونا کے انسداد کے لئے اپنا تجربہ بانٹیں گے اور تعاون پر مبنی اقدامات کرتے رہیں گے۔یاد رہے کہ کورونا کے معاملے پر جہاں پوری دنیا نے چین کو تنہا کر دیا تھا وہاں پاکستان نے برادر ملک کو اپنے بھرپور تعاون اور مشکل وقت میں ساتھ نبھانے کا یقین دلایا تھا۔
شہبازشریف

مزید :

صفحہ اول -