مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام کیساتھ کھڑے ہیں، چینی سفیر
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) کرونا وائرس کے باعث پیدا صورتحال پر چین کے سفیر نے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اورچین کی حکومت ہر قسم کا تعاون کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات کے دوران کرونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے علاوہ خطے، علاقائی اور عالمی نوعیت کے اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کرونا وائرس ایک عالمی چیلنج بن چکا ہے اس مسئلے پر قابو پانے کیلئے سب کو مل کر کوششیں کرنا ہونگی۔ معیشت کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے اور سماجی سطح پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ امید ہے وائرس پرجلد مکمل قابو پا لیا جائے گا۔انہوں نے چین کی جانب سے دی جانے والی معاونت پر چین کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور چین نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔
چینی سفیر