رننگ فنانس پر بینکمارک اپ ایک سال کیلئے موخر کیا جائے: اسلام آباد چیمبر

رننگ فنانس پر بینکمارک اپ ایک سال کیلئے موخر کیا جائے: اسلام آباد چیمبر

  

اسلام آباد (پ ر) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ بہت سے کاروباری و صنعتی اداروں نے رننگ فنانس اور ورکنگ کیپٹل کیلئے کمرشل بینکوں سے قرضے حاصل کر رکھے ہیں جن پر ان کو ماہانہ مارک اپ دینا پڑتا ہے لیکن کرونا وائرس کی وجہ سے اکثر کاروباری ادارے بند ہیں جس وجہ سے ان کیلئے رننگ فنانس پر مارک اپ ادا کرنا دن بدن مشکل ہوتا جا رہا ہے لہذا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تمام کاروباری و صنعتی اداروں کے رننگ فنانس اور ورکنگ کیپٹل پربینک مارک اپ کم از کم چھ ما ہ سے ایک سال کیلئے موخر کیا جائے تا کہ یہ ادارے دیوالیہ ہونے سے بچ سکیں۔ محمد احمد وحید نے کہا کہ جو کاروباری ادارے رننگ فنانس پر مارک اپ ادا کرنے کے قابل نہیں رہے بینک ان کے نام الیکٹرانک کریڈٹ انفارمیشن بیورو کی ڈیفالٹر لسٹ میں ڈال رہے ہیں جس وجہ سے مستقبل میں ان کاروباری اداروں کیلئے کمرشل بینکوں سے قرضہ حاصل کرنا مزید مشکل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری ادارے بینکوں سے قرضہ حاصل کر کے اپنے کاروبار کو وسعت دیتے ہیں اور کاروباری سرگرمیوں کے نتیجے میں حاصل ہونے والے ریونیو سے قرضوں کی اقساط اور مارک اپ ادا کرتے ہیں۔ تاہم آج کل چونکہ کروناوائرس کی وجہ سے پورے ملک میں چند شعبوں کے علاوہ باقی تمام کاروباری وصنعتی ادارے بند ہیں لہذا ان حالات میں کاروباری طبقے کیلئے قرضوں کی اقساط اور مارک اپ ادا کرنا تقریبا ناممکن ہو گیا ہے۔ آئی سی سی آئی کے صد رنے کہا کہ سٹیٹ بینک نے صنعتی و کاروباری اداروں کے ورکروں کو بے روزگار ہونے سے بچانے کیلئے ایس ایم ایز کیلئے ریلیف پیکج جاری کئے ہیں جو قابل ستائش ہیں۔ تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کمرشل بینکوں کے ساتھ مل کر رننگ فنانس پر مارک اپ کی مد میں بھی صنعتی و کاروباری اداروں کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کرے۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری و صنعتی اداروں کیلئے کمرشل بینکوں کے قرضوں پر نظرثانی کر کے قرضوں کی اقساط اور مارک اپ ادا کرنے کیلئے کاروباری اداروں کو کم از کم چھ ماہ سے ایک سال کا وقت دیا جائے تا کہ صنعتی وکاروباری ادارے دیوالیہ ہونے سے بچ سکیں اور اپنی کارباری سرگرمیوں کو بحال کرکے قرضوں اور مارک اپ کی ادائیگی کرنے میں سہولت محسوس کریں۔

مزید :

کامرس -