کوئلے اور سیمنٹ کی قیمت میں اضافہ بلاجوازہے، شاہد رشید بٹ

      کوئلے اور سیمنٹ کی قیمت میں اضافہ بلاجوازہے، شاہد رشید بٹ

  

اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ کوئلے کی قیمت اور شرح سود میں کمی کے باوجود سیمنٹ کی فی بوری قیمت میں 55 سے 60 روپے تک کا اضافہ کر دیا گیا ہے، اس اقدام سے معیشت کی بحالی کے لئے تعمیراتی شعبے کو دیا گیا اربوں روپے کاپیکج متاثر ہو سکتا ہے۔ منگل کویہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیمنٹ انڈسٹری بھارت اور چین کے مقابلے میں زیادہ منافع کمارہی ہیں مگر اس کے باوجود بلاجواز قیمت بڑھائی گئی ہے جس پرحکومت کی جانب سے فوری کارروائی ضروری ہے۔ انھوں نے کہا کہ سیمنٹ کمپنیوں نے گزشتہ سال بھی قیمت میں ایک سو روپے کا بلا جواز اضافہ کیا تھا اور اب دوبارہ ایسا کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ قیمتوں کو کم رکھنے کے لئے اس شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے کے خواہشمند گروپوں کے راستے کی رکاوٹیں دور کی جائیں ۔انہوں نے کہاکہ چینی، گندم، اور نجی بجلی گھروں سمیت متعدد شعبوں میں منافع خوری کے خلاف اقدامات لائق تحسین ہیں اور سیمنٹ کارٹل کے عزائم ناکام بنانے کے لئے سیمنٹ کی درامد پر عائد ریگولیٹری ڈیوٹی کم کرنے سمیت ہر ممکن طریقہ اختیار کیا جائے۔

مزید :

کامرس -