کورونا وباء سے نپٹنے کیلئے حکومت کو اضافی اقدامات اٹھانا ہونگے: لاہور چیمبر

  کورونا وباء سے نپٹنے کیلئے حکومت کو اضافی اقدامات اٹھانا ہونگے: لاہور ...

  

لاہور(کامرس ڈیسک) لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے چھوٹے تاجروں اور ورکرز کے لیے 125ارب روپے کے پیکیج کا خیر مقدم کیاہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کے لیے پچاس ارب روپے جبکہ ورکرز کے لیے پچھتر ارب روپے کا پیکیج انہیں کروناوائرس کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے میں مدد دے گا۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام کو مطلوبہ نتائج کے حصول کے لیے اپنی تمام توانائیاں صرف کرنا ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ پیکیج کے تحت وفاقی حکومت چھوٹے کاروباری شعبے کے تین ماہ کے بجلی کے بلز ادا کرے گی، اس سے ساڑھے تین ملین دکانداروں کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے مطالبات تھے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال پر قابو پانے کے لیے حکومت کو کچھ اضافی اقدامات اٹھانا ہونگے، حکومت چھوٹے کاروباروں سے مارک اپ کی وصولی کم از کم چھ ماہ کے لیے موخر کرے، بلاسود قرضوں کے لیے سکیم متعارف کرائی جائے اور رجسٹرڈ ایس ایم ایز کے لیے کریڈٹ کی حد ان کے بجلی کے بل کی رقم سے دس گنا بڑھائی جائے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے توقع ظاہر کی کہ موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت صنعت، تجارت اور عوام کو یوٹیلٹی بلز کے علاوہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی ریلیف مہیا کرے گی۔

مزید :

کامرس -