بھارت،کورونا کو روکنے کیلئے تامل ناڈو میں سرحدوں پر دیوار یں تعمیر
نئی دہلی(آئی این پی)کورونا وائرس سے بچا کے لیے دنیا کے درجنوں ممالک میں کہیں جزوی تو کہیں سخت لاک ڈاؤن نافذ ہے اور ایسے ہی ممالک میں آبادی کے لحاظ سے دنیا کا دوسرا بڑا ملک بھارت بھی شامل ہے، جہاں پر گزشتہ ایک ماہ سے لاک ڈاؤن نافذ ہے۔بھارت میں لاک ڈاؤن نافذ ہونے اور گاڑیوں کے چلانے پر پابندی کے باوجود لوگوں کی جانب سے گاڑیاں چلائے جانے سے معاملات پیچیدہ ہو رہے ہیں اور حکومت نے پولیس کو خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کی بھی ہدایت کر رکھی ہیں۔
تاہم بھارت کی جنوبی ریاست تامل ناڈو نے لاک ڈاؤن کے دوران لوگوں کے ایک سے دوسری ریاست منتقلی کو روکنے کے لیے ایک قدم آگے جاتے ہوئے سرحد پر دیواریں بنوا ڈالیں۔بھارت کی ریاست تامل ناڈو نے دوسری ریاست سے ملنے والی اپنی سرحد پر 7 فٹ اونچیں دیواریں بنا ڈالیں۔بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے کے مطابق تامل ناڈو حکومت نے قریبی ریاست آندھرا پردیش کی سرحد سے منسلک اپنے ضلع چھتور گڑھ کے 2 روڈوں پر دیواریں بنوا ڈالیں۔چھتور ضلع کے دو مقامات پر آندھرا پردیش اور تامل ناڈو کے درمیان آنے جانے کے روڈ بنے ہوئے ہیں اور ریاستی حکومت نے دونوں راستوں پر 7 فٹ لمبی دیواریں بنوا ڈالیں۔ریاستی حکومت کے مطابق سرحد پر دیواریں بنوانے کے مقصد دونوں ریاستوں میں گاڑیوں کی آمد و رفت کو روکنا ہے، کیوں کہ گاڑیوں کی آمد و رفت سے انسانوں کی منتقلی ہو رہی ہے۔