کورونا انفکیشن ریٹ 11اور 12ہو کر 8.15فیصد ہوا ہے، جو اچھی بات ہے: مراد علی شاہ

  کورونا انفکیشن ریٹ 11اور 12ہو کر 8.15فیصد ہوا ہے، جو اچھی بات ہے: مراد علی شاہ

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ سندھ میں کورونا انفیکشن ریٹ 11 اور 12 سے کم ہوکر 8.15 فیصد ہوا ہے، جو اچھی بات ہے،سندھ حکومت نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے کل 4112 ٹیسٹ کیے جس کے نتیجے میں 335 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جو کیے گئے ٹیسٹ کا 8.15 فیصد ہے۔اپنے ویڈیو پیغام میں مراد علی شاہ نے صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق بات کرتے ہوئے کہاکہ سندھ میں کورونا انفیکشن ریٹ 11 اور 12 سے کم ہوکر 8.15 فیصد ہوا ہے، جو اچھی بات ہے۔انہوں نے بتایاکہ سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 5291 ہوگئی ہے جبکہ صوبے بھر میں اس وقت کورونا کے 4236 مریض زیرعلاج ہیں۔ منگل کو کورونا کے 4112 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 37 مریض صحتیاب ہوکر اپنے گھروں کو چلے گئے ہیں، کورونا سے صحتیاب ہونے والے کل مریضوں کی تعداد 963 ہوگئی ہے۔وزیر اعلی سندھ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 7 مریض جان کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ کورونا کے باعث انتقال کرنے والوں کی تعداد 92 ہوگئی ہے، جو کل مریضوں کا 1.73 فیصد ہے۔انہوں نے بتایا کہ کورونا کے 2915 مریض گھروں میں آئیسولیٹ ہیں، 872 مریض آئسولیشن سینٹرز اور449 اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔مراد علی شاہ کے مطابق کورونا کے 35 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 13 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔انہوں نے بتایاکہ سب سے زیادہ 258کورونا کے نئے مریض کراچی میں رپورٹ ہوئیہیں۔ضلع جنوبی کراچی میں 89، ضلع شرقی میں 53 اور ضلع وسطی میں 43، ضلع غربی میں 24، کورنگی میں 28 اور ملیر میں 21 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔دوسری جانب حیدرآباد میں 17، جیکب آباد میں 10، سکھر اور شکارپور میں 7-7 کورونا کے مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔اس کے علاوہ شہید بینظیرآباد اور ٹنڈو محمد خان میں 6-6، لاڑکانہ اور سانگھڑ میں 5-5، دادو میں 3 اور نوشہروفیروز میں ایک مریض رپورٹ ہوا ہے۔

مزید :

صفحہ اول -