اینگر و کی جانب سے شوکت خانم میموریل ہسپتال کیلئے 2کروڑ روپے کی امداد کا اعلان

  اینگر و کی جانب سے شوکت خانم میموریل ہسپتال کیلئے 2کروڑ روپے کی امداد کا ...

  

کراچی(اکنامک رپورٹر)اینگرو کارپوریشن کی سی ایس آر کمپنی اینگروفاؤنڈیشن نے شوکت خانم میموریل کینسرہسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر کوجنوبی پنجاب میں Covid-19کی ٹیسٹنگ صلاحیت بڑھانے کیلئے 2 کروڑروپے کی مالی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے جس سے صحت کے شعبے میں اس وبائی بیماری سے نمٹنے کیلئے کی جانے والی کوششوں کو تقویت ملے گی۔واضح رہے کہ یہ امداد اینگرو کارپوریشن کے چیئرمین حسین داؤد کے اس عہد کا حصہ ہے جس کے تحت انہوں نے کرونا کے خلاف لڑنے کیلئے ایک ارب روپے کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جنوبی پنجاب مفت اسکریننگ پروگرام کے تحت اینگرو فاؤنڈیشن جنوبی پنجاب کے علاقوں میں کرونا کی جانچ کیلئے شوکت خانم میموریل کینسرہسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر کے موجودہ لیبارٹری نیٹ ورک کے زیرِ انتظام مستحق مریضوں کو کرونا کی مفت جانچ کیلئے مالی مدد فراہم کرے گی۔دیہی آبادی کی زیادہ سے زیادہ کوریج کو یقینی بنانے کیلئے جانچ اور ٹیسٹنگ کی مہم ابتدائی طور پرملتان، ڈیرہ غازی خان، لیہ، مظفر گڑھ، بہاولپور اور بہاول نگر میں شروع کی جائے گی۔اینگرو کارپوریشن کے چیئرمین حسین داؤد کے مطابق کورونا Covid-19 کی بڑھتی ہوئی شرح نے ہمارے صحت کے نظام کو خطرا ت سے دوچار کردیا ہے۔ اب صرف شراکت داری کے ذریعے ہی ہم اس کو بہتر بناکر مطلوبہ نتائج حاصل کرسکتے ہیں۔ شوکت خانم میموریل ہسپتال کے ساتھ ہماری شراکت داری Covid-19کی جانچ اور ٹیسٹنگ کی شرح کو بڑھانے کے مقصد کے تحت قائم کی گئی ہے جوکہ ہمارے اجتماعی ردِّعمل میں اس وبائی مرض پر قابو پانے کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ اینگرو کارپوریشن کے صدر اورچیف ایگزیکٹو آفیسر غیاث خان نے کہاکہ جنوبی پنجاب میں کرونا وائرس کے کیسز میں بتدریج اضافے سے اس علاقے میں صحت کے شعبہ پر اضافی بوجھ پڑا ہے۔یہ نہایت ضروری ہے کہ اس وائرس کی مقامی منتقلی کا جلد پتہ لگانے کیلئے ان علاقوں میں جانچ کی شرح میں فوری اضافہ کیا جائے۔شوکت خانم ہسپتال کے ساتھ ہماری شراکت داری کا مقصد یہی ہے کہ ہم کرونا وائرس کے پھیلاؤپر قابو پانے کیلئے جانچ کی سہولیات مفت فراہم کریں۔اس موقع پرشوکت خانم میموریل کینسرہسپتال اینڈ ریسرچ سینٹرکے قائم مقام چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر محمد عاصم یوسف نے کہا کہ ہمیں پاکستان میں Covid-19کی جانچ کی شرح کو بہتر بنانے کے عمل میں اینگروفاؤنڈیشن کے بطورشریک حصہ دارشامل ہونے پرخوشی محسوس ہورہی ہے۔پچھلے 25سالوں سے شوکت خانم ہسپتال پورے پاکستان میں لوگوں کو کینسر جیسے موذی مرض سے نمٹنے کیلئے عالمی سطح کی طبی خدمات فراہم کررہا ہے۔مجھے امید ہے کہ اس شراکت داری سے نہ صرف کینسر بلکہ کرونا وائرس جیسے وبائی مرض سے بھی موثر انداز سے لڑنے اور اس پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔اس سے پہلے گزشتہ ہفتے اینگرو کارپوریشن کی ایک اور ذیلی کمپنی اینگرو فرٹیلائیزر زنے سندھ کے دیہی علاقوں میں کرونا وائرس کی مفت جانچ کیلئے انڈس ہسپتال کے ساتھ تعاون کا اعلان کیا تھا۔واضح رہے کہ اینگرو کے چیئر مین حسین داؤداور داؤد ہرکولیس گروپ کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے مختلف محاذوں پر کام کررہے ہیں جن میں کرونا وائرس کی جانچ اور تشخیص،اس وبا کے خلاف جنگ لڑنے والے ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کی حفاطت، مریضوں کی دیکھ بھال اور ان کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو یقینی بنانے اورمعاشرے کے سب مستحق افراد تک ضروریاتِ زندگی کی فراہمی شامل ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -