حکومتی ویژن کو کامیاب بنانیوالے افسران کام کرتے رہیں گے: جواد رفیق 

حکومتی ویژن کو کامیاب بنانیوالے افسران کام کرتے رہیں گے: جواد رفیق 

  

گوجرانوالہ(بیورورپورٹ) پنجاب کے نئے چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک نے کہاہے کہ بیوروکریسی میں وسیع پیمانے پر رد و بدل نہیں کیا جائے گا اور تمام محنتی‘ نتائج دکھانے والے پرعزم اور متحرک افسران بدستور اپنے موجودہ عہدوں پر فرائض سرانجام دیتے رہیں گے تاہم ان تمام افسران کی کارکردگی کا مسلسل جائزہ لیاجاتا رہے گا اور ایمانداری سے عوامی مسائل حل کرنے کے ساتھ صوبائی حکومت کے ویژن اورایجنڈے کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے والے ہی اپنے عہدوں پر برقرار رہ سکیں گے۔ انہوں نے صوبائی بیورو کریسی پر واضح کیا کہ اللہ تعالی نے اپنی مخلوق کی خدمت اور عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی کیلئے ہمیں با اختیار اورذمہ دار بنایاہے اورہم ان خوش قسمت افراد میں سے ہیں جنہیں اللہ نے یہ موقع عطا کیاہے کہ ہم تعلیم‘ صحت‘ مہنگائی اوردیگر عوامی مسائل کو عبادت سمجھ کر حل کریں اور خلوص نیت سے عوام کی بہتری کے ذریعہ دونوں جہانوں میں کامیاب اور نیک نام ٹھہریں صوبہ بھر کے سیکرٹریز‘ کمشنرز‘ڈپٹی کمشنرز اور دیگر اعلی افسران کے ساتھ تعارفی ویڈیولنک اجلاس میں چیف سیکرٹری نے کہاکہ کارکردگی اور ایمانداری انکی  بنیادی ترجیحات ہونگی، ماہ مقدس میں لوٹ مار کرنے والے کسی رعایت کے حقدارنہیں اور ضلعی انتظامیہ اس حوالہ سے فوری واضح اور ٹھوس اقدامات کرے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ خود بھی فیلڈ میں جا کر اشیائے خورونوش کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کی صورتحال کا ذاتی طو پر جائزہ لیں اور اس سلسلہ میں سبزی منڈیوں‘ بازاروں میں فروخت ہونے والے پھلوں‘ سبزیوں کے معیار اور نرخوں پرکڑی نظر رکھیں۔ کمشنر گوجرانوالہ سید گلزار حسین شاہ نے چیف سیکرٹری کو یقین دہانی کرائی کہ عوامی خدمت اوردیرینہ مسائل کے حل کیلئے اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ان کی پوری ٹیم تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے اورہر سطح پر شفافیت‘ ایمانداری اور فنڈز کے منصفانہ استعمال کویقینی بنایا جارہاہے۔

جواد رفیق

مزید :

صفحہ آخر -