بھارتی معروف ادا کار ” عرفان خان “ کو آئی سی یو میں منتقل کر دیا گیا

بھارتی معروف ادا کار ” عرفان خان “ کو آئی سی یو میں منتقل کر دیا گیا
بھارتی معروف ادا کار ” عرفان خان “ کو آئی سی یو میں منتقل کر دیا گیا

  

ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن ) نامور بالی ووڈ اداکار عرفان خان کو بڑی آنت کے انفیکشن کے باعث ممبئی کے کوکیلابین ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عرفان خان کو جب آئی سی یو منتقل کیا گیا تو میڈیا میں ان کی موت کی افواہیں گردش کرنے لگیں، تاہم اداکار کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں ان کی موت کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہاں یہ سچ ہے کہ عرفان خان ممبئی کے کوکیلابین ہسپتال کے آئی سی یو میں زیرعلاج ہیں اور اس وقت ڈاکٹرز ان کا علاج کرر ہے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ ان کے خیرخواہوں کی دعاوں کے باعث وہ جلد ہی ٹھیک ہوجائیں گے۔

اداکار کی موت کی خبروں پر ان کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ جان کر واقعی مایوسی ہوئی کہ عرفان خان کی صحت کے بارے میں انتہائی حد تک قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔ جب کہ وہ لوگ واقعی قابل ستائش ہیں جو ان کے بارے میں فکر مند ہیں۔ تاہم کچھ ذرائع کی جانب سے افواہیں پھیلاکر خوف و ہراس پھیلانا انتہائی مایوس کن ہے۔اداکار کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ عرفان خان ایک مضبوط شخص ہیں جو ابھی بھی جنگ لڑ رہے ہیں، ہم آپ لوگوں سے درخواست کرتے ہیں کہ مہربانی کرکے غلط افواہوں اور من گھڑت کہانیوں کا حصہ نہ بنیں۔ ہم آپ کو اداکار کی صحت سے متعلق آگاہ کرتے رہیں گے۔

واضح رہے کہ عرفان خان نے 2018 میں اپنے تمام چاہنے والوں کو یہ بتاکر افسردہ کردیا تھا کہ وہ نیورواینڈوکرائن ٹیومر میں مبتلا ہوگئے ہیں بعد ازاں وہ علاج کی غرض سے بیرون ملک چلے گئے تھے۔ اپنی بیماری کے باعث عرفان خان فلم ”انگریزی میڈیم“ کی تشہیر کا حصہ بھی نہیں بن سکے تھے۔

مزید :

تفریح -