سکھر سے حیدرآباد موٹروے ترجیح، اسلام آباد سے گلگت بلتستان تک لے کر جائیں گے : وفاقی وزیر مواصلات

Apr 29, 2024 | 06:11 PM

شیخوپورہ(ڈیلی پاکستان آن لائن )وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ سکھر سے حیدرآباد موٹروے کی تکمیل میری ترجیح ہے جبکہ اسلام آباد سے گلگت اور سکردو تک موٹروے پہنچائیں گے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے ٹریننگ کالج شیخوپورہ میں پیٹرولنگ آفیسرز کی پاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ حلف اٹھانے کے بعد دو تین ترجیحات بنانے کی کوشش کی۔ سکھر سے حیدرآباد تک موٹروے رہتی ہے، سکھر سے حیدرآباد موٹروے کی تکمیل میری ترجیح ہے۔وفاقی وزیرمواصلات کا کہنا تھا کہ ناردرن علاقوں کیلئے بھی موٹروے بنانا چاہتے ہیں، اسلام آباد سے گلگت، سکردو تک موٹروے پہنچائیں گے، موٹروے کی تکمیل علاقے کیلئے گیم چینجر ہوگی ۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ موٹروے کیلئے کام کرنے والے بھی خراج تحسین کے مستحق ہیں، کبھی کسی نے نہیں کہا کہ موٹروے پولیس کے افسر نے رشوت مانگی، موٹروے پولیس نے قوم کا سرفخر سے بلند کیا، موٹروے پر آنے والے لوگ ایمانداری سے اپنا چالان اداکرتے ہیں، کبھی کسی نے پیسے موٹروے کے افسر کو دینے کی کوشش نہیں کی۔ امید ہے یہی روایت دیگر اداروں میں بھی بڑھاسکیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاس آوٹ نوجوانوں کیلئے آج بہت بڑا دن ہے، پاسنگ آوٹ میں شریک تمام لوگوں کو سلام اور مبارکباد پیش کرتا ہوں، آپ نے اپنے حلف کو بھی یاد رکھنا ہے،وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے موٹروے کے 289 افسران کو ایک ماہ کی تنخواہ انعام دینے کا اعلان بھی کیا۔واضح رہے کہ تربیت مکمل کرنے والے 189 موٹروے پولیس افسران پاسنگ آوٹ پریڈ میں شریک ہوئے جبکہ ایف آئی اے کے 100 اہلکار بھی پاس آوٹ ہونے والوں میں شامل تھے، پاس آوٹ ہونے والوں میں 26 خواتین بھی شامل ہیں۔

مزیدخبریں