پہلگام واقعہ سے کوئی لینا دینا نہیں، بھارت نے کوئی جارحیت کی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا

اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن )نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ہم پہل نہیں کریں گے لیکن اگر بھارت نے حملہ کیا تو جواب بھرپور دیں گے۔
سینیٹ اجلاس سے خطاب میں اسحاق ڈار نے قومی سلامتی کے معاملے پر اتحاد کا مظاہرہ کرنے پر اپوزیشن سمیت تمام ارکان پارلیمان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ واضح کہہ رہا ہوں پاکستان کا پہلگام واقعہ سے کوئی لینا دینا نہیں، لیکن اگر بھارت نے کوئی جارحیت کی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔ ہم نے پہلے دن ہی کہا تھا کہ بھارت کو ترکی بہ ترکی جواب دیں گے، بھارت کا بیانیہ ناکام ہوگیا، بھارتی اب خود نریندر مودی سے استعفیٰ مانگ رہے ہیں۔ پلوامہ ہوا تو بھارت نے آرٹیکل 370 کو ختم کیا، شک ہے کہ پہلگام کا ڈرامہ سندھ طاس معاہدے کو ختم کرنے کےلیے رچایا گیا۔وزیرا عظم تحقیقات کی پیش کش کر چکے ہیں، ہمارا دامن صاف ہے اسی لیے تو تحقیقات کی پیشکش کی ہے، اگر کوئی جارحیت کی گئی تو ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔
"جنگ " کے مطابق نائب وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ کسی جنگ میں اس معاہدے کو معطل نہیں کیا گیا، معاہدے ختم نہیں ہوسکتے جب تک دونوں فریق اتفاق نہ کریں۔بھارت نے اگر کوئی کارروائی کی تو بھرپور جواب دیا جائے گا، ہم پہل نہیں کریں گے، بھارت نے پہل کی تو اینٹ کا جواب پتھر سے ہوگا۔بھارت کے سیاست دان خود کہہ رہے ہیں کہ بھارت کی حکومت بھی ناکام ہو چکی ہے، ہم کہہ چکے ہیں کہ اگر بھارت نے پاکستان کے پانی کے ساتھ کوئی گڑ بڑ کی تو یہ اقدام جنگ تصور کیا جائے گا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ دوست ملکوں کو بھارتی بے بنیاد الزامات سے آگاہ کیا، کچھ ممالک خود ہمارے ساتھ اس معاملے پربات کرنے کو تیار ہیں، کچھ ممالک کو ہم نے صورتحال پر بریف کیا۔چین اور ترکیے نے معاملے پر واضح کہا ہے کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں، سعودی عرب، قطر، ہنگری، آذربائیجان، یو اے ای کے وزیر خارجہ سے بات کی۔سب نے پیغام دیا کہ ملکی سلامتی پرہم سب ایک ہیں۔