پاک زمبابوے ون ڈے سیریز: دوسرے میچ میں پاکستان کا زمبابوے کو جیت کیلئے 300 رنز کا ہدف

پاک زمبابوے ون ڈے سیریز: دوسرے میچ میں پاکستان کا زمبابوے کو جیت کیلئے 300 رنز ...
پاک زمبابوے ون ڈے سیریز: دوسرے میچ میں پاکستان کا زمبابوے کو جیت کیلئے 300 رنز کا ہدف

  

ہرارے (مانیٹرنگ ڈیسک) پاک، زمباوے ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو جیتنے کیلئے 300 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔ ہرارے سپورٹس کلب کرکٹ گراﺅنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو بلے بازوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 299 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے نائب کپتان محمد حفیظ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 130 گیندوں پر 136 رنز بنائے اور ناٹ آﺅٹ رہے۔ پاکستانی اوپنرز ایک بار پھر خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے اور چوتھے اوور میں ہی محض 12 کے مجموعی سکور پر احمد شہزاد 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ دوسری وکٹ 62 کے مجموعی سکور پر گری جب ناصر جمشید 35 رنز بنا کر اوتسیا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ کپتان مصباح الحق بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور 84 کے مجموعی سکور پر 3 رنز بنا کر ویٹوری کی گیند پر ولیمز کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ تین وکٹیں گنوانے کے بعد عمر امین اور نائب کپتان محمد حفیظ نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا اور چوتھی وکٹ کی شراکت میں 129 رنز جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور مجموعی سکور 213 تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر عمر امین چتارا کی گیند پر رن آﺅٹ ہو گئے، انہوں نے 71 گیندوں پر 59 رنز بنائے۔ عمر امین کے بعد شاہد آفریدی میدان میں آئے اور محمد حفیظ کے ساتھ پانچویں وکٹ کی شراکت میں 86 رنز بنا کر ٹیم کا مجموعی سکور 299 تک پہنچا دیا۔ شاہد آفریدی نے 23 گیندوں پر 39 رنز بنائے اور ناٹ آﺅٹ رہے۔ زمبابوے کی جانب سے ویٹوری نے 2 اور اوتسیا نے 1 کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔

مزید : کھیل