ایم کیوایم کے خدشات دور کریں گے ، کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کرناہوگا: وفاقی وزیرداخلہ

ایم کیوایم کے خدشات دور کریں گے ، کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کرناہوگا: وفاقی ...
ایم کیوایم کے خدشات دور کریں گے ، کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کرناہوگا: وفاقی وزیرداخلہ

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کراچی کے حالات پر ایم کیو ایم کے خدشات دور کرانے کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران کسی سے ناانصافی نہیں ہوگی لیکن عدلیہ کو حکومتی اقدامات کی حمایت کرنا ہوگی۔قومی اسمبلی میں مختلف سوالات کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدی نثار علی خان نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے ،اسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت ملک کے کسی بھی حصے میں قومی اتفاق رائے کے بغیر فوج نہیں بلائی جاسکتی، وہ سمجھتے ہیں کہ کراچی میں فوج کی تعیناتی سندھ حکومت کے مینڈیٹ کی نفی اور فوج کے ساتھ بھی زیادتی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے حالات کی بہتری کے لئے منصوبہ بندی کرلی گئی ہے تاہم اس کی سربراہ وزیر اعلیٰ سندھ ہی ہوں گے،شہر میں امن کی بحالی کے لئے مخصوص مقامات پر ٹارگٹڈ آپریشن ہوگا جس سے پورا شہر متاثر نہیں ہوگا ،وہ یقین دلاتے ہیں اس سے کسی بھی جماعت کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی لیکن اس کے ساتھ ساتھ عدلیہ کو حکومتی اقدامات کی حمایت کرنا ہوگی۔وہ آئندہ منگل کو کراچی پہنچ رہے ہیں جہاں وہ وزیر اعلیٰ اور گورنر سندھ کے علاوہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات کریں گے۔

مزید : اسلام آباد /اہم خبریں