حفیظ کی شاندار بیٹنگ، جنید کی تباہ کن باﺅلنگ، شاہینوں نے دوسرا میچ فتح کر لیا، سیریز 1-1 سے برابر

حفیظ کی شاندار بیٹنگ، جنید کی تباہ کن باﺅلنگ، شاہینوں نے دوسرا میچ فتح کر ...
حفیظ کی شاندار بیٹنگ، جنید کی تباہ کن باﺅلنگ، شاہینوں نے دوسرا میچ فتح کر لیا، سیریز 1-1 سے برابر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ہرارے (مانیٹرنگ ڈیسک) پاک، زمباوے ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو90 رنز سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی ہے۔ ہرارے سپورٹس کلب کرکٹ گراﺅنڈ میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تو بلے بازوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 299 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم 42.4 اوورز میں صرف 209 رنز بنا سکی اور پوری ٹیم آﺅٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے نائب کپتان محمد حفیظ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 130 گیندوں پر 136 رنز بنائے اور ناٹ آﺅٹ رہے۔ پاکستانی اوپنرز ایک بار پھر خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے اور چوتھے اوور میں ہی محض 12 کے مجموعی سکور پر احمد شہزاد 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ دوسری وکٹ 62 کے مجموعی سکور پر گری جب ناصر جمشید 35 رنز بنا کر اوتسیا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ کپتان مصباح الحق بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور 84 کے مجموعی سکور پر 3 رنز بنا کر ویٹوری کی گیند پر ولیمز کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ تین وکٹیں گنوانے کے بعد عمر امین اور نائب کپتان محمد حفیظ نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا اور چوتھی وکٹ کی شراکت میں 129 رنز جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور مجموعی سکور 213 تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر عمر امین چتارا کی گیند پر رن آﺅٹ ہو گئے، انہوں نے 71 گیندوں پر 59 رنز بنائے۔ عمر امین کے بعد شاہد آفریدی میدان میں آئے اور محمد حفیظ کے ساتھ پانچویں وکٹ کی شراکت میں 86 رنز بنا کر ٹیم کا مجموعی سکور 299 تک پہنچا دیا۔ شاہد آفریدی نے 23 گیندوں پر 39 رنز بنائے اور ناٹ آﺅٹ رہے۔ زمبابوے کی جانب سے ویٹوری نے 2 اور اوتسیا نے 1 کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں زمبابوین بلے باز پاکستانی باﺅلرز کا مقابلہ نہ کر سکے اور پوری ٹیم 42.4 اوورز میں 209 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ زمبابوے کی جانب سے برینڈن ٹیلر 79 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ دیگر بلے بازوں میں مساکازا 24، سباندا 2، ماروما 8، ولیمز 37، والر 40، چگمبورا 0، اوتسیا 3، پنیانگرا 3، چتارا 2 اور ویٹوری کوئی سکور بنائے بغیر آﺅٹ ہو گئے۔ پاکستان کی جانب سے جنید خان نے شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کیا اور 7 اوورز میں محض 15 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، سعید اجمل اور عبدالرحمن نے 2,2 جبکہ محمد عرفان نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 31 اگست کو ہرارے سپورٹس کلب کرکٹ گراﺅنڈ میں کھیلا جائے گا۔

مزید :

کھیل -