استاد شاگرد نظام ‘فری رجسٹریشن کا آغازآئندہ ماہ سے ہوگا‘عرفان قیصر شیخ

استاد شاگرد نظام ‘فری رجسٹریشن کا آغازآئندہ ماہ سے ہوگا‘عرفان قیصر شیخ

لاہور (کامرس رپورٹر) استاد شاگرد نظام (Recognition of Prior Learning-RPL)کے تحت غیر مستند افرادی قوت کیلئے پہلے مرحلے کی شاندارکامیابی کے بعددوسرے مرحلے میں مفت رجسٹریشن کا آغاز آئندہ ماہ سے کیا جا رہا ہے ۔اس مہم کو شروع کرنے کیلئے معیاری طریقہ کار (SOP) کے عمل کوتیار کر لیا گیا ہے۔ اس طریق کار سے غیر مستند ہنر مند افرادی قوت کومفت رجسٹریشن کیلئے آسانی ہوگی۔ان خیالات کااظہار چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے استاد شاگرد نظام کے تحت شارٹ کورسز کے دوسرے مرحلے کے اجراء کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی ،ٹیوٹا افسران عبدالقیوم، اظہر اقبال شاد، اختر عباس بھروانہ، وسیم بیگ، ہارون نصیر، محمد عثمان علی، عائشہ قاضی، سرفراز انور اور دیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ تین ماہ دورانیہ کے شارٹ کورسز میں داخلہ کیلئے کم از کم عمر کی حد 18سال بمع کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ‘کم از کم 2 سال کاصنعتی تجربہ ،پہلے سے کسی تربیت کا ثبوت ، ملازمت کے ریکارڈ ، آجر /مالکان کی جانب سے مہارت کے استعمال اور حوالہ شامل ہونگے۔چیئرپرسن ٹیوٹا نے مزید کہا کہ فری رجسٹریشن کے لیے حتمی انتخاب خود کارتخمینہ ، انٹرویو اور عملی ٹیسٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا ۔ دوسرے مرحلے میں ٹیوٹاجدید15 شارٹ کورسز شروع کر رہی ہے جس میں آٹو الیکٹریشن ، آٹو کیڈ (سول) ،مشین ایمبرائیڈری، میسن ، پلمبر اور سینیٹری انسٹالر ،الیکٹریشن، آٹو میکینک (پٹرول) ، ٹیلرنگ، سٹیل فکسر ، ویلڈر، مشینسٹ، موٹر سائیکل میکینک ، ایچ وی اے سی آر،بیوٹیشن اور بلڈنگ پینٹر شامل ہیں۔ کورس سے فارغ التحصیل کو ٹیوٹا سرٹیفکیٹ ملنے پرمقامی و بین الاقوامی سطح پر مصدقہ ہنر مند افرادی قوت کے طور پر قبول کیا جائے گا۔

مزید : کامرس