کرپشن کرنے والوں کا احتساب چاروں صوبوں میں ہونا چاہیے،صاحبزادہ حامد رضا
لاہور(نمائندہ خصوصی )سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہاہے کہ کرپشن کرنے والوں کا احتساب چاروں صوبوں میں ہونا چاہیئے کرپٹ افراد کی گرفتاریوں پر کھلی جنگ کی دھمکیاں ملک دشمنی ہے بد عنوانوں کیلئے جیل کے سوا کو ئی دوسری جگہ نہیں ہو نی چاہیئے جنہیں جیل میں ہوناچاہیئے وہ اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے ہیں بے رحم احتساب وقت کی ضرورت ہے۔ الیکشن کمیشن کی نااہلی ثابت ہو گئی ہے ضمنی الیکشن سے پہلے الیکشن کمیشن کی تشکیل نو کی جائے الیکشن ٹریبونل کے فیصلوں کے بعد جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ بے معنی ہو گئی ہے۔ کراچی کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جاتا رہا ہے بلو چ علیحدگی پسندوں کا آزاد بلوچستان کے مطالبہ سے دستبر دار ہونا خوش آئند ہے پر امن بلوچستان کی منزل قریب ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے تھنک ٹینک کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ بیرون ملک فرار ہو جانے والے کرپٹ افراد کو انٹر پول کے ذریعے واپس لایا جائے جمہوریت کے نام پر لوٹ مار کی اجازت نہیں دی جاسکتی بھارت کی اشتعال انگیزی کو عالمی اداروں میں بے نقاب کرنے کیلئے دفتر خارجہ کو متحرک کیا جائے ۔