کولمبو ٹیسٹ پہلا روز بارش کی نذر ، بھارت کے 2وکٹوں پر 50رنز

کولمبو ٹیسٹ پہلا روز بارش کی نذر ، بھارت کے 2وکٹوں پر 50رنز

کولمبو(آن لائن)سری لنکا اور بھارت کے درمیان تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے پہلے دن بارش کی وجہ سے صرف 15 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہو سکا ہے۔کولمبو میں کھیلے جانے والے میچ میں جمعے کو سری لنکا نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔بھارت کا آغاز اچھا نہ تھا اور 14 کے مجموعی سکور پر اس کی دو وکٹیں گر گئی تھیں۔پہلی وکٹ 2کے مجموعی سکور پر گری جب راہل کو پرساد نے بولڈ کیا جبکہ ریہانے 8رنز بنا کر پردیپ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔تاہم اس کے بعد روی پجارا 19اور کپتان ویرات کوہلی نے14رنز بنا کر تیسری وکٹ کے لیے 36 رنز کی شراکت ہی قائم کی تھی کہ تیز بارش شروع ہوگئی۔بارش کی وجہ سے کھانے کا وقفہ بھی جلد کیا گیا لیکن اس کے بعد بھی دن بھر کھیل ممکن نہیں ہو سکا۔جب کھیل روکا گیا تو بھارت نے دو وکٹوں کے نقصان پر 50 رنز بنائے تھے اور ہفتے کو اسی سکور سے بھارتی بلے باز اننگز دوبارہ شروع کریں گے۔تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز اس وقت ایک ایک سے برابر ہے۔سیریز کے پہلے میچ میں رنگانا ہیراتھ کی شاندار بولنگ کی بدولت سری لنکا نے بھارت کو 63 رنز سے ہرایا تھا۔اس کے بعد بھارت نے سری لنکا کو دوسرے ٹیسٹ میں 278 رنز سے شکست دے کر سیریز برابر کر دی تھی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی