کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہی مسئلہ کشمیر حل ہونے سے ہی امن قائم ہو گا ،بلاول

کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہی مسئلہ کشمیر حل ہونے سے ہی امن قائم ہو گا ...

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کشمیری عوام سب سے اہم ہیں اور پارٹی ان کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ یہ بات انہوں نے آل پارٹیز حریت پارٹیز کے وفد سے بات کرتے ہوئے جو ان سے ملاقات کے لئے زرداری ہاؤس اسلام آباد آیا۔ بیس رکنی وفد میں غلام محمد صافی، میر طاہر مسعود، محمد سفیر، یوسف نذیر، عبدالحمید لون، شفیع ڈار، اعجاز بٹ، شمیم شال ، فیض نقشبندی اور دیگر شامل تھے۔ صدر آزاد جموں و کشمیر سردار یعقوب، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری عبدالمجید، اسپیکر آزاد جموں و کشمیر اسمبلی غلام صادق، سینئر وزیر چوہدری یسین، وزیر خزانہ چوہدری لطیف اکبر، وزیر مطلوب انقلابی بھی آل پارٹیز حریت پارٹیز کانفرنس کے وفد کے ساتھ تھے۔ اس موقع پر فریال تالپور، راجہ پرویز اشرف، سینیٹر شیری رحمن اور جمیل سومرو بھی موجود تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق حل ہونے سے ہی علاقے میں امن قائم ہو سکتا ہے۔ اس سے قبل بلاول بھٹو زرداری نے ضلع گجرات اور لاہور کے پارٹی وفود سے ملاقات کی، ان سے تنظیمی امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا بعد میں انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی راولپنڈی کے عہدیداروں کے اعزاز میں ایک عشائیہ دیا۔ پارٹی کے اجلاسوں میں فریال تالپور، میاں منظور وٹو، راجہ پرویز اشرف، شیری رحمن، لطیف کھوسہ، قمر زمان کائرہ، تنویر کائرہ اور جمیل سومرو نے بھی شرکت کی۔

مزید : صفحہ اول