کرپشن کے خاتمے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو حکومت سے تعاون کرنا چاہیے،عمران دولتانہ

کرپشن کے خاتمے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو حکومت سے تعاون کرنا چاہیے،عمران ...

لاہور( جنرل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما میاں عمران عقیل دولتانہ نے کہا ہے کہ کرپشن اور لوٹ مار کے خاتمے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو حکومت سے تعاون کرنا چاہیے ۔ اس پر کوئی دو رائے نہیں کہ سرکاری فنڈز کے صحیح استعمال کو یقینی بنایا جانا چاہیے اور ماضی میں ہونے والی بے ضابطگیوں پر کڑا احتساب وقت کا تقاضا ہے وگرنہ ہم 68 برس گزرجانے کے باوجود ملک کو صحیح راہ پر گامزن نہیں کر سکتے ۔ میاں عمران دولتانہ نے کہا کہ کسی نے بھی عوام کا پیسہ کھایا ہے تو اس کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہونی چاہیے ۔ قومی اداروں کے خلاف دھمکیاں ، احتجاج اور نا مناسب زبان قابل افسوس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت میں قومی اداروں کے ذریعے ملک کو درست سمت میں لیجانے کی سنجیدہ کوشش کی ہے جس کا سب جماعتوں کو ساتھ دینا چاہیے ۔ میاں عمران دولتانہ نے کہا کہ دو تین ضمنی انتخابات سے کوئی تبدیلی نہیں آئے گی اور عوام میاں نواز شریف کے حق میں ہی دوبارہ بھاری مینڈیٹ دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بعض حلقوں کی جانب سے افواہوں کا بازار گرم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام پارٹیاں وسیع تر قومی ایجنڈے پر متفق ہوں اور 2018 ء تک موجودہ حکومت کا مینڈیٹ تسلیم کرتے ہوئے افہام و تفہیم کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4