پنجاب بھرکے سرکاری و نجی میڈیکل کالجز میں داخلےکیلئےانٹری ٹیسٹ کل ہوںگے

پنجاب بھرکے سرکاری و نجی میڈیکل کالجز میں داخلےکیلئےانٹری ٹیسٹ کل ہوںگے
پنجاب بھرکے سرکاری و نجی میڈیکل کالجز میں داخلےکیلئےانٹری ٹیسٹ کل ہوںگے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈی این ڈی) پنجاب کے تمام سرکاری و نجی میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز(یو ایچ ایس) کے زیر اہتمام بیک وقت صوبے کے 13شہروں میں قائم34مراکز میں کل بروز اتوار منعقد ہو رہے ہیں۔ اس حوالے سے صوبائی حکومت نے تمام ضروری انتظامات پہلے ہی مکمل کرلیے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہبار شریف کی ہدایت پر صوبائی سیکریٹریز، بورڈ آف ریونیو کے ممبرز، ڈویژنل کمشنرز، اور ڈی سی اوز سمیت سینئر بیوروکریٹس انٹری ٹیسٹ کی مانیٹرنگ کا کام سرانجام دیں گے جبکہ سینئر میڈیکل پروفیسرزکو امتحانی مراکز کا انچارج مقررکیاگیاہے ۔یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز(یو ایچ ایس)کے ترجمان کے مطابق اس سال47ہزار سے زائد امیدواروں کو انٹری ٹیسٹ میں شرکت کیلئے رول نمبرز جاری کردئیے گئے ہیں جن میں سے 31ہزار طالبات اور ساڑھے 16ہزار طلبہ شامل ہیں۔ پنجاب کے جن 13شہروں میں 34مراکز قائم کیے گئے ہیں ان میں لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، بہاولپور، ملتان، رحیم یار خان، سرگودھا، راولپنڈی، حسن ابدال، گجرات، گوجرانوالہ، ڈیرہ غازی خان اور سیالکوٹ شامل ہیں۔انٹری ٹیسٹ کا سوالیہ پرچہ کل220معروضی سوالات پر مشتمل ہے جس میں کیمسٹری کے58سوالات، فزکس کے44سوالات،انگریزی کے30سوالات جبکہ بیالوجی کے 88سوالات ہیں۔ پرچہ حل کرنے کیلئے اڑھائی گھنٹے کا وقت مقررکیاگیاہے۔ اس کے بعد تمام امیدواروں کو رجحان اور فیڈ بیک سے متعلقہ سوالات کے جواب دینے ہوں گے جن کے کوئی نمبر نہیں ہوں گے ۔اس کیلئے مزید آدھے گھنٹے کا وقت دیا جائے گا۔یو ایچ ایس کی طرف سے جاری کردہ ہدایت کے مطابق ٹیسٹ ٹھیک صبح9بجے شروع ہوگا تاہم تمام امیدوارں کا صبح 8بجے تک اپنے اپنے امتحانی مرکز پہنچنا ضروری ہے کیونکہ سوا آٹھ بجے تمام مراکز سیل کردئیے جائیں گے اور اس کے بعد کسی کو اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ لاہور میں انٹری ٹیسٹ کے لیے 6مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ جن میں بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن کے امتحانی مراکز بمقام لارنس روڈ، پنجاب یونیورسٹی ایگزامینشن ہالز وحدت روڈ ، گورنمنٹ کمپری ہنسووگرلز ہائی سکول وحدت روڈ ، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی جیل روڈ، یونیورسٹی آف ایجوکیشن ٹاﺅن شپ اور گورنمنٹ سینٹرل ماڈل سکول لوئر مال کے مراکز شامل ہیں۔ لاہور سے تقریباً ساڑھے 14ہزار امیدوار انٹری ٹیسٹ میں شرکت کررہے ہیں۔پنجاب کے 17سرکاری میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس کی 3405جبکہ3سرکاری ڈینٹل کالجوں میں بی ڈی ایس کی 216نشستیں ہیں۔ اس کے علاوہ صوبے کے28پرائیوٹ میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس کی تقریباً 3000جبکہ12پرائیوٹ ڈینٹل کالجوں میں بی ڈی ایس کی 700نشستیں ہیں۔ حکومت پنجاب نے انٹری ٹیسٹ کیلئے سخت حفاظتی انتظامات کیے ہیں۔ان انتظامات کیلئے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسرز کو فوکل پرسن نامزد کیا گیا ہے۔ تمام مراکزپر واک تھرو گیٹ اور موبائل جامرز نصب کیے گئے ہیں۔آج تمام مراکز پر دفعہ144نافذرہے گی۔ ساتھ آنے والے والدین اور دیگر عزیز و اقارب کے بیٹھنے کیلئے امتحانی مراکز کے قریب شامیانوں اور کرسیوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے اور پارکنگ کے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔پنجاب حکومت نے انٹری ٹیسٹ کے بہترین انتظامات کیلئے صوبے کے تمام کمشنر اور ڈی سی اوز کو ہدایات جاری کردی تھیں۔ امیدواروں کو اپنے ساتھ صرف نیلا بال پوائنٹ پین اور کلپ بورڈ لانے کی اجازت ہے۔ ایڈمیٹنس کارڈ کے بغیر کسی امیدوار کو کمرہ امتحان میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔